جمعرات 25 ستمبر 2025 - 07:00
کیا جنات بھی انسانوں کی طرح جنت یا جہنم جائیں گے؟

حوزہ/ جنات بھی انسانوں کی طرح صاحبِ اختیار اور ذمہ دار مخلوق ہیں، جو اپنے ایمان یا کفر کے مطابق آخرت میں جزا یا سزا پائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی I اس مضمون میں جنات کے اخروی انجام کے بارے میں ایک عام سوال کا جواب دیا گیا ہےجو قارئین کے لیے پیش کیا جارہا ہے ـ

قرآن و احادیث سے واضح ہوتا ہے کہ جنات بھی انسانوں کی طرح عقل و اختیار رکھتے ہیں اور اللہ کے احکام کے سامنے ذمہ دار ہیں۔

قرآن کریم میں صاف الفاظ میں ذکر ہے کہ اللہ نے جنات کی ہدایت کے لیے بھی انبیا بھیجے ہیں (سورہ انعام، آیت ۱۳۰)۔ اسی طرح سورہ ذاریات (آیت ۵۶) میں بتایا گیا ہے کہ جنات بھی اللہ کی عبادت کے پابند ہیں۔

سورہ جن (آیات ۱۴ اور ۱۵) میں خود جنات اعتراف کرتے ہیں: «ہم میں سے کچھ فرمانبردار ہیں اور کچھ نافرمان۔ جو فرمانبردار ہیں وہ حق کے راستے کی تلاش میں ہیں، اور جو نافرمان ہیں وہ جہنم کا ایندھن بنیں گے۔»

یہ آیات ظاہر کرتی ہیں کہ جنات بھی انسانوں کی طرح دو گروہوں میں تقسیم ہیں: مؤمن اور کافر۔

قرآن میں ایک واقعہ بھی ذکر ہوا ہے کہ کس طرح کچھ جنات نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لایا۔ واقعہ یوں ہے کہ جب آپ (ص) طائف کے لوگوں کی مخالفت سے مایوس ہو کر وادیٔ جن میں ٹھہرے تو جنات نے قرآن کی تلاوت سنی اور ایمان لے آئے۔ پھر وہ اپنی قوم میں واپس گئے اور دوسروں کو بھی اسلام کی دعوت دی۔

سورہ احقاف (آیات ۳۰ اور ۳۱) میں ان جنات کے یہ الفاظ نقل ہوئے ہیں: «اے ہماری قوم! ہم نے ایک ایسی کتاب سنی ہے جو موسیٰ کے بعد نازل ہوئی ہے... اے ہماری قوم! اللہ کے پیغامبر کی دعوت قبول کرو اور ایمان لے آؤ تاکہ تمہارے گناہ معاف ہوں اور تم دردناک عذاب سے بچ سکو۔»

لہٰذا جیسے انسانوں کو ان کے ایمان یا کفر کے مطابق جزا یا سزا ملتی ہے، ویسے ہی جنات بھی اپنی نیت اور عمل کی بنیاد پر جنت یا جہنم جائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha