حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ انسانوں کے دو طرح کے رہبر ہوتے ہیں۔ایک وہ جو اللہ تعالیٰ بناتا ہے، وہ سارے معصوم ہوتے ہیں ۔جیسے حضرت آدم علیہ السلام کو معصوم پیدا کیا اور دیگر انبیاء بھیجے ۔ کچھ رہبر ایسے ہوتے ہیں جو قرآن کے مطابق اپنے پیروکاروں کو جہنم میں لے جائیں گے، انہیں اللہ تعالیٰ نے رہبر نہیں بنایا ،بلکہ انسانوں نے اپنا رہبر بنایا ۔ انسان جس کو اپنا رہبر بناتا ہے قیامت کے دن اسی کے ساتھ محشور ہوگا۔حتیٰ کہ اگر کوئی جانوروں سے محبت کرتا ہے،تو انہیں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔
جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا خالق کائنات نے اپنی وسیع مخلوق پیدا کی ہے۔اللہ نے حضرت انسان کو مکرم بنایا اور کسی انسان کو حق نہیں دیا کہ وہ دوسرے کا مذاق اڑائے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے، اے ایمان والو !کوئی قوم دوسری قوم کا مذاق نہ اڑائے۔ ہو سکتا ہے وہ تم سے بہتر ہو۔اللہ کا ارشاد گرامی ہے کہ عورتیں عورتوں کا مذاق نہ اڑائیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ان عورتوں سے بہتر ہو ۔اسی طرح سے حکم الٰہی ہے کہ انسان کے نام نہ بگاڑے جائیں ۔یہ بھی حکم ہے کہ ایک انسان دوسرے پر بہتان تراشی نہ کرے۔ خدانخواستہ اگر زنا کا بہتان لگایا تو الزام لگانے والے پر80 کوڑے جبکہ زنا کرنے والے کو100 کوڑے لگائے جانے کا حکم ہے۔
یہ انسان کا احترام ہے کہ ایک دوسرے کی توہین نہ کریں۔ قرآن مجید میں بیان کیا گیا ہے ہم نے آپ کے لئے پاکیزہ غذا پیدا کی ہے۔کالی چائے انسان کے لئے نقصان دہ ہے۔