ہفتہ 15 نومبر 2025 - 17:38
میلبورن میں ICV کی گولڈن جوبلی تقریب، حجۃالاسلام سید ابو القاسم رضوی کا اہم خطاب

حوزہ/ اسلامک کونسل آف وکٹوریا (ICV) نے اپنی نصف صدی پر مشتمل خدمات کا جشن ایک پُروقار تقریب میں منایا، جس میں آسٹریلیا بھر کے علمائے کرام، وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کرتے ہوئے ادارے کی دینی، سماجی اور ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میلبورن آسٹریلیا میں اسلامک کونسل آف وکٹوریا (ICV) کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس نے آسٹریلوی مسلم کمیونٹی کی وحدت، سرگرمی اور سماجی بیداری کا خوبصورت مظاہرہ پیش کیا۔ مختلف مسالک کے علمائے کرام، حکومتی ذمہ داران، کمیونٹی لیڈرز اور معزز مہمانوں کی شرکت نے تقریب کی اہمیت میں اضافہ کیا۔

تقریب کی صدارت ICV کے صدر جناب محمد معین الدین نے کی، جب کہ آسٹریلین فیڈریشن آف اسلامک کونسلز (AFIC) کے صدر ڈاکٹر راتب جنید مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر صدر شیعہ علماء کونسل آف آسٹریلیا حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید ابو القاسم رضوی، امام محمد نواس اور دیگر کمیونٹی شخصیات بھی موجود تھیں۔

ICV گزشتہ پچاس برسوں سے آسٹریلیا میں مسلمانوں کی نمائندگی اور خدمت کرنے والے اہم ترین اداروں میں سے ہے۔ اس کے تحت ستر سے زائد مساجد اور اسلامی مراکز سرگرم ہیں، جہاں تعلیم و تربیت، سماجی بہبود، نوجوان نسل کی رہنمائی، بین المذاہب ہم آہنگی اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ جیسے اہم شعبوں میں مسلسل خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔

تقریب میں مقررین نے ICV کی نصف صدی پر محیط خدمات کا جائزہ پیش کیا اور آسٹریلوی مسلم کمیونٹی کی ترقی و استحکام میں ادارے کے فعال کردار کو سراہا۔ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے چیلنجز، نوجوانوں کی کردار سازی، قرآنی تعلیمات کے فروغ اور سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عملی نفاذ جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پیش کی گئی خصوصی پریزنٹیشن نے شرکاء کو بے حد متاثر کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید ابو القاسم رضوی نے ICV کو نصف صدی مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ادارے کی مسلسل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا: ہماری ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل کی صحیح تربیت کریں، بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں اور محبت، احترام، خدمتِ انسانیت اور امن کے پیغام کو عام کریں۔

شرکاء نے اس تقریب کو میلبورن کی کمیونٹی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار باب قرار دیا، جس نے تعاون، اتحاد اور مشترکہ خدمت کے جذبے کو تقویت بخشی۔

اسلامک کونسل آف وکٹوریا کی پچاس سالہ خدمات یقیناً آسٹریلوی مسلم برادری کے لیے روشنی و رہنمائی کا ذریعہ ہیں اور یہ ادارہ آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ دین و انسانیت کی خدمت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha