اتوار 7 دسمبر 2025 - 19:57
پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں بارہ روزہ عظیم کتاب

حوزہ/ پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں بارہ روزہ عظیم کتاب میلہ اپنے پورے آب و تاب کے ساتھ شروع ہو چکا ہے، جہاں مختلف زبانوں کے سینکڑوں معروف پبلشرز ہزاروں منتخب کتابوں کے خوبصورت ذخیرے کے ساتھ شریک ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں بارہ روزہ عظیم کتاب میلہ اپنے پورے آب و تاب کے ساتھ شروع ہو چکا ہے، جہاں مختلف زبانوں کے سینکڑوں معروف پبلشرز ہزاروں منتخب کتابوں کے خوبصورت ذخیرے کے ساتھ شریک ہیں۔ علم و ادب کے اس عظیم اجتماع نے شہر کے ادبی ماحول کو ایک نئی تازگی اور فکری حرارت عطا کی ہے۔

اس بین الاقوامی نوعیت کے میلے میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ایک نمایاں اور فعال اردو ناشر کی حیثیت سے شریک ہے، جس کے اسٹال پر اردو زبان و ادب، تاریخ، تحقیق، مذہب، سماجیات اور عصری موضوعات سے متعلق متنوع اور قیمتی کتابیں شائقین کی خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ کتابوں سے محبت رکھنے والے قارئین کا ہجوم مسلسل اس اسٹال کا رخ کر رہا ہے، جو اردو ادب سے جڑی عوامی دلچسپی کا روشن ثبوت ہے۔

قابلِ توجہ امر یہ ہے کہ کتابیں حقیقتاً ’’سفر میں‘‘ دکھائی دے رہی ہیں۔ قارئین کا ایک نیا، سنجیدہ اور باشعور طبقہ ابھرتی ہوئی قوت کے طور پر سامنے آیا ہے، جو کتابوں کو ہاتھوں ہاتھ لے رہا ہے۔ یہ منظر نامہ اس بات کی عملی تردید ہے کہ مطالعے کا ذوق کم ہو چکا ہے یا قاری نایاب ہو گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ معیاری اور بامعنی کتابیں آج بھی اتنی ہی توجہ سے پڑھی جاتی ہیں جتنی ماضی میں۔

تاہم بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے تحت کتاب کو قارئین تک پہنچانے کے لیے جدید اور عصری طریقۂ کار اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال خصوصی مبارک باد کے مستحق ہیں جن کی مؤثر حکمتِ عملی اور عملی تدابیر کے باعث کتاب بینی کے عمومی رجحان کو فروغ مل رہا ہے۔ نئی نسل کے ادبی و ثقافتی شعور اور علم دوستی کے حوالے سے ان کا مثبت وژن زمینی سطح پر حقیقت کا روپ دھارتا دکھائی دے رہا ہے۔

گاندھی میدان کا یہ کتاب میلہ اس بات کا واضح پیغام دے رہا ہے کہ کتاب آج بھی زندہ ہے، متحرک ہے اور مسلسل سفر میں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha