۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
1

حوزہ/ رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی کتاب "خون دلی کہ لعل شد" کے اردو اور بنگالی ترجموں کی رسم اجراء 11 فروری کو دہلی کتاب میلے میں انجام پائي۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی تپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی کتاب "خون دلی کہ لعل شد" کے اردو اور بنگالی ترجموں کی رسم اجراء 11 فروری کو دہلی کتاب میلے میں انجام پائي۔

اسلامی انقلاب سے پہلے طاغوتی دور حکومت میں رہبر انقلاب اسلامی نے جیل کی سزا کے دوران جو یادداشتیں تحریر کی تھیں، یہ کتاب انہی پر مشتمل ہے۔ اس کتاب کے اردو اور بنگالی زبان میں ترجموں پر مشتمل کتابوں کی رسم اجراء کی تقریب، نئی دہلی میں جاری کتابوں کی بین الاقوامی نمائش میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اسٹال میں منعقد ہوئي۔ یہ تقریب ایران کے نائب وزیر ثقافت و اسلامی ہدایت یاسر احمدوند، ہندوستان میں ایران کے کلچرل اتاشی فریدالدین فرید عصر، وزیر ثقافت و اسلامی ہدایت کے مشیر حسین دیوسالار، ہندوستان میں فارسی زبان کی تحقیقات کے مرکز کے سربراہ قہرمان سلیمانی اور دہلی کتاب میلے میں ایران کے اسٹال میں ایران بک ہاؤس کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی رمضانی کی شرکت سے منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے کلچرل اتاشی فریدالدین فرید عصر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں اسلامی انقلاب کی تاریخ تناظر میں جو اہم ترین کتابیں شائع ہوئي ہیں ا ن میں سے ایک، "خون دلی کہ لعل شد" ہے جو طاغوتی دور حکومت میں رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی جلاوطنی اور جیل کی سزا کے دوران لکھی ہے اور اس زمانے کے گھٹن بھرے ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس کا کتاب کا متعدد زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسوس کہ اب تک یہ کتاب ہندوستان میں شائع نہیں ہوئي تھی اور شائقین کی دسترس میں نہیں تھی۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب کا ہندی زبان میں بھی ترجمہ ہو رہا ہے اور عنقریب ہی اس کے ہندی ترجمے پر مشتمل کتاب بھی سامنے آ جائے گي۔ انھوں نے کہا کہ بحمد اللہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے دن یعنی 11 فروری کو اس کتاب کے اردو اور بنگالی ترجموں کی رسم اجراء ہو رہی ہے۔

اس تقریب میں ایران کے نائب وزیر ثقافت و اسلامی ہدایت یاسر احمدوند نے بھی ان ترجموں کی اشاعت پر ایرانی سفارتخانے کے ثقافتی شعبے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ اس اہم کتاب کا اردو ترجمہ (زنداں سے پرے رنگ چمن) جو ایران کی موجودہ تاریخ کو بڑے دلکش انداز میں بیان کرتی ہے، ہندوستان میں ایران کے شیدائیوں کو پسند آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب کے دوسری زبانوں میں ترجمے کی بھی راہ ہموار ہے۔ انھوں نے اسی طرح دہلی کتاب میلے میں شریک ایران کے اسٹال میں سرگرم افراد کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ نئی دہلی میں کتابوں کی بین الاقوامی نمائش 10 فروری سے شروع ہوئی ہے اور 18 فروری تک جاری رہے گي۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .