۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا مزمل حسین

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم رہنماء کا واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپریل سے لے کر آج تک مسلسل دہشتگردوں کے حملے جاری ہیں، لیکن شدت پسندانہ کاروائیوں کو روکنے میں قانوں نافذ کرنے والے ادارے مکمل ناکام ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء و تحصیل چیئرمین پاراچنار مولانا مزمل حسین فصیح نے ہنگو بائی پاس پر گاڑی پر ہونے والی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اپریل سے لے کر آج تک مسلسل دہشتگردوں کے حملے جاری ہیں، لیکن شدت پسندانہ کاروائیوں کو روکنے میں قانوں نافذ کرنے والے ادارے مکمل ناکام ہیں، ہر جانب کشت و خون کا ماحول گرم ہے، افسران صرف زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کر رہے، اور نہ ہی کوئی عملی اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو اور پشاور میں طوری قوم کے کئی جوان شہید کیئے جا چکے ہیں آج تک کسی قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا، اس سے بڑھ کر ریاستی ناکامی اور کیا ہوسکتی ہے، حالات جوں کے توں رہے تو عوام احتجاج اور دھرنے دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے شیعہ، سنی عوام کی اکثریت امن و امان کو برقرار رکھنے کی خواہشمند ہے، لیکن کچھ نادیدہ قوتیں ضلع کرم کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے، کرم میں شیعہ، سنی اتحاد و اتفاق سے رہنے کے متمنی ہیں، لیکن عوام کو اپنے ارباب اختیار سے مسلسل مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، جن کی جانب سے کبھی بھی کرم میں خلوص کے ساتھ امن و امان کے لئے سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئی ہیں۔

مولانا مزمل حسین فصیح نے واضح کیا کہ اگر اس مرتبہ بھی قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو عوامی طور پر سخت قومی لائحہ عمل دینگے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .