۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی کی پاراچنار میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے امن و امان کے نفاذ کے ذمہ داروں سے کرم ایجنسی پاراچنار میں جنگی صورتحال اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعات کی پرزور مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے امن و امان کے نفاذ کے ذمہ داروں سے کرم ایجنسی پاراچنار میں جنگی صورتحال اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جنگ و جدل کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا: پاراچنار میں ہونے والی ابتدائی کشیدگی کو اگر برقت حل کر لیا جاتا تو نوبت جنگ و جدل تک نہ پہنچتی اور بڑے پیمانے میں انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہوتا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا: تمام ذمہ داروں کو جنگ بندی کی جانب مسلسل متوجہ کیا جا رہا ہے تاہم اب بھی جنگ بندی کے لیے کاوشوں کا بارآور نہ ہونا افسوسناک ہے۔

انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں بڑے پیمانے پر گولہ بارود کے بھاری استعمال پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور حکومت سمیت امن و امن کے تمام ذمہ داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کرم میں جاری اس جنگ کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کر کے کرم کو انسانی المیہ سے بچائیں اور اس جنگ کو مزید پھیلنے سے روکیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اس واقعے کے پس پردہ حقائق کو منظر عام پر لا کر کرم کو جنگ میں دھکیلنے والے عناصر کے خلاف فوری کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے شہداء کے خانوادوں کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور زخمیوں کی جلد شفا یابی کی دعا بھی فرمائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .