ہفتہ 27 دسمبر 2025 - 15:15
ماہِ رجب؛ بیداریٔ روح و تزکیۂ نفس اور اللہ کی طرف واپسی کا بابرکت موقع

حوزہ/ ماہِ رجب کی فضیلت اور روحانی برکات کے حوالے سے حوزہ نیوز کے نمائندے نے مغربی بنگال کے شیعہ علماء کرام سے گفتگو کی، جس میں علماء نے اس مقدس مہینے کو توبہ، تزکیۂ نفس، اخلاقی اصلاح اور آخرت کی تیاری کا سنہری موقع قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مغربی بنگال/ماہِ رجب کی فضیلت، روحانی برکات اور اس کے اصلاحی و تربیتی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے نے مغربی بنگال کے ممتاز شیعہ علماء کرام سے خصوصی گفتگو کی۔ علماء نے اس بابرکت مہینے کو توبہ، تزکیۂ نفس، اخلاقی تطہیر اور آخرت کی تیاری کا سنہری موقع قرار دیتے ہوئے امتِ مسلمہ کو دعوت دی کہ وہ اس مہینے کو محض وقت کا ایک حصہ نہیں بلکہ اللہ کی طرف واپسی کا آغاز بنائیں۔

ماہِ رجب؛ بیداریٔ روح و تزکیۂ نفس اور اللہ کی طرف واپسی کا بابرکت موقع
مولانا مقبول حسن

رجب؛ آخرت کے سفر کی بنیاد

مغربی بنگال کے اسلامی مفکر، محقق اور مصنف مولانا مقبول حسن نے کہا کہ ماہِ رجب مومن کو دنیا کے عارضی فریب اور غفلت سے بیدار کر کے آخرت کی دائمی حقیقت کی طرف متوجہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی دنیاوی کامیابیوں اور مصروفیات میں اس قدر الجھ جاتی ہے کہ آخرت کا شعور کمزور پڑ جاتا ہے، لیکن رجب کا مہینہ اس غفلت کا پردہ چاک کرتا ہے۔ یہ مہینہ خود احتسابی، توبہ، اصلاحِ نفس اور زندگی کو ازسرِنو اللہ کی رضا کے مطابق ترتیب دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ان کے مطابق، سچی توبہ، فرض عبادات کی پابندی، نفلی اعمال اور اخلاص کے ساتھ ذکرِ الٰہی ہی وہ راستہ ہے جو انسان کو حقیقی معنوں میں آخرت کی تیاری کی طرف لے جاتا ہے۔

ماہِ رجب؛ بیداریٔ روح و تزکیۂ نفس اور اللہ کی طرف واپسی کا بابرکت موقع
مولانا معصوم علی غازی نجفی

رجب؛ رحمت، بخشش اور امید کا پیغام

آیت اللہ یعقوبی کے نمائندے اور ممتاز مبلغ مولانا معصوم علی غازی نجفی نے ماہِ رجب کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمت، بخشش اور ہدایت کا خصوصی پیغام قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ انسان کو مایوسی سے نکال کر اللہ کی وسیع رحمت کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ استغفار، دعا اور ذکرِ الٰہی کے ذریعے دل کا بوجھ ہلکا ہوتا ہے اور روح کو سکون نصیب ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رجب کا مہینہ نہ صرف انفرادی اصلاح بلکہ اخلاقی و معاشرتی زندگی کی بہتری کا ذریعہ بھی ہے، جہاں سچائی، صبر، درگزر، ہمدردی اور انسانی حقوق کا شعور پروان چڑھتا ہے۔

ماہِ رجب؛ بیداریٔ روح و تزکیۂ نفس اور اللہ کی طرف واپسی کا بابرکت موقع
مولانا اختر علی

رجب؛ تزکیۂ نفس اور اللہ کی طرف رجوع کا سنہری موقع

حوزہ علمیہ اہل بیتؑ ہگلی کے استاد مولانا اختر علی نے ماہِ رجب کو تزکیۂ نفس اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے کا سنہری موقع قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ رجب اسلامی کیلنڈر کے معزز مہینوں میں سے ایک ہے، جو دلوں کو نرم کرنے، گناہوں سے پرہیز اور روحانی بیداری کا بہترین وقت فراہم کرتا ہے۔

ان کے مطابق، توبہ، قرآن کی تلاوت اور نیک اعمال کے ذریعے انسان اپنے اعمال، کردار اور تعلقات کا جائزہ لیتا ہے، جو بتدریج اسے اللہ کے قریب لے جاتا ہے۔ انہوں نے رجب کو شعبان اور رمضان کی تیاری کا عملی مرحلہ بھی قرار دیا۔

ماہِ رجب؛ بیداریٔ روح و تزکیۂ نفس اور اللہ کی طرف واپسی کا بابرکت موقع

رجب؛ رمضان کی تیاری اور مسلسل روحانی سفر

علماء کرام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ماہِ رجب دراصل شعبان اور رمضان المبارک کی تیاری کا بنیادی مرحلہ ہے۔ جو افراد اس مہینے میں ضبطِ نفس، عبادت اور اخلاقی اصلاح کا آغاز کرتے ہیں، وہ رمضان کی روحانی فضا میں زیادہ گہرائی کے ساتھ داخل ہو پاتے ہیں۔

آخر میں علماء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو ماہِ رجب کی حقیقی روح کو سمجھنے، اس کی برکات سے استفادہ کرنے اور اپنی زندگیوں کو اللہ کی رضا کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha