اتوار 28 دسمبر 2025 - 17:07
جنوبی فلسطین میں بن گویر کے دورے پر فلسطینی قبائل کی جانب سے پتھراؤ

حوزہ/ جنوبی فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی قبائل اور صہیونی فورسز کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں فلسطینی باشندوں نے صہیونی حکومت کے وزیرِ داخلی سلامتی بن گویر کو پتھراؤ کا نشانہ بنایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی قبائل اور صہیونی فورسز کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں فلسطینی باشندوں نے صہیونی حکومت کے وزیرِ داخلی سلامتی بن گویر کو پتھراؤ کا نشانہ بنایا۔

صہیونی ذرائع نے اتوار کے روز اطلاع دی کہ جنوبی مقبوضہ فلسطین کے عشایرنشین گاؤں ترابین میں متعدد فلسطینی شہریوں نے بن گویر کے دورے کے دوران اس پر پتھراؤ کیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب صہیونی فورسز کی حالیہ سیکیورٹی کارروائیوں کے بعد علاقے میں پہلے ہی شدید تناؤ پایا جا رہا تھا۔

صہیونی چینل 14 کی رپورٹ کے مطابق، بن گویر کی آمد کے ساتھ ہی گاؤں کے درجنوں باشندے صہیونی پولیس کے آمنے سامنے آ گئے اور صہیونی وزیر کی طرف پتھر پھینکے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالات تیزی سے بگڑ گئے اور پورے علاقے کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا۔

چینل 14 کے صحافی ینون مگال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بن گویر سخت پولیس حصار میں گاؤں میں داخل ہو رہا ہے۔ تاہم صہیونی ذرائع کے مطابق، بن گویر پر براہِ راست حملے کے مناظر کو اسرائیلی میڈیا میں سنسر کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، فلسطینی شہریوں کے احتجاج اور پتھراؤ کے جواب میں صہیونی پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ اس کارروائی کے دوران متعدد افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم صہیونی حکام کی جانب سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ گاؤں ترابین اور جنوبی مقبوضہ فلسطین کے دیگر عشایرنشین علاقے گزشتہ برسوں سے مسلسل صہیونی فورسز اور فلسطینی باشندوں کے درمیان کشیدگی کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان جھڑپوں کی بنیادی وجوہات میں صہیونی سیکیورٹی کارروائیاں، فلسطینی گھروں کی مسماری اور زمین و ملکیت کے تنازعات شامل ہیں۔

بن گویر کے یہ دورے عموماً فلسطینی عوام میں شدید غم و غصے کا باعث بنتے ہیں، کیونکہ وہ فلسطینیوں کے خلاف سخت گیر اور اشتعال انگیز پالیسیوں کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق، ایسے اقدامات علاقے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha