جمعرات 29 جنوری 2026 - 12:20
نئی دہلی؛ بزمِ پیمبرانِ سخن کے زیرِ اہتمام جشنِ صبر و وفا' کے عنوان سے نشست کا انعقاد

حوزہ/بزمِ پیمبرانِ سخن نئی دہلی کے زیر اہتمام ایک ادبی نشست کا انعقاد 'جشن صبرو وفا' کے عنوان سے ذوالفقار باقر زیدی صاحب کی سرپرستی میں سنگم وہارکالونی میں دولت کدہ مغل زادہ اختر مرزا پر کیا گیا، جس میں دہلی کے نامور شعرائے کرام نے شرکت کی اور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بزمِ پیمبرانِ سخن کی یہ تیسری نشست تھی، اس نشست میں تلاوت و نظامت کے فرائض مولانا ایم ایم بابر عظمتی نے انجام دیے، جبکہ صدارت مولانا حیدر علی جعفری امام جماعت (مسجد امام جعفر صادق علیہ السلام نور الٰہی )نے کی۔

اس نشست کے لیے مصرع دیا گیا تھا:

ع ہیں دونوں بابِ شجاعت حسین اور عباس، جس پر شعرائے کرام نے منقبتی اشعار پیش کیے۔

اس بزم کے زیر اہتمام ماہ میں ایک مرتبہ نشست کا انعقاد کیا جاتا ہے جس سے نو عمر شعرا کی آبیاری ہوسکے۔آج کے اس دور میں نئے شعراء کے لیے تربیت کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بزم کا وجود عمل میں آیا ہے۔آخر میں شعرائےکرام کے منتخب اشعار پیش خدمت ہیں۔

خدا کا دین سقیفائیوں میں بٹ جاتا

اگر نہ کرتے حفاظت حسین اور عباس

مغل زادہ اختر مرزا سانکھنوی

سجے جو آمدِ مہدی پہ بزم شعرو سخن

کرائیں مجھ سے نظامت حسین اور عباس

محمّد مہدی سانکھنوی

چراغ بجھتے ہی روشن چراغ دل کے ہوئے

بنے ہیں روح بصارت حسین اور عباس

ماسٹر مشرف سانکھنوی

علی ہیں شہر شجاعت تو یوں کہا جائے

ہیں دونوں باب شجاعت حسین اور عباس

مولانا قرطاس نقوی

اذاں میں تیر اقامت میں برچھیاں کھائیں

ہیں پھر بھی محوِ عبادت حسین اور عباس

فجر مرزا سانکھنوی

اگرچہ مجلس و محفل بپا خلوص سے ہو

تو اس میں کرتے ہیں شرکت حسین اور عباس

ذوالفقار بابر زیدی

وہ بھائیوں کا کبھی دل دکھائے نا ممکن

جو پڑھ لے آپ کی سیرت حسین اور عباس

مولانا حیدر علی جعفری صاحب

سرور مصحف ناطق وجود حسن قبول

چراغِ قصر ہدایت حسین اور عباس

مولانا بابر عظمتی سانکھنوی صاحب

اٹھاکے گود میں دونوں کو کہ رہے ہیں علی

ہیں دونوں بابِ شجاعت حسین اور عباس

مولانا رضوان صاحب

نشست کے اختتام مولانا حیدر جعفری صاحب کے ذریعے دعائیہ کلمات پر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha