حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزات علمیہ علی پور حجت الاسلام مولانا میر اطہر علی تبریزی نے رہبرِ معظم کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوریہ اسلامی ایران کی سلامتی، خودمختاری اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کو اپنا اخلاقی اور دینی فریضہ سمجھتے ہیں اور رہبرِ معظم انقلاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج ایک ایسے نازک اور فیصلہ کن دور میں کھڑے ہیں جہاں حق و باطل کے درمیان لکیر پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو چکی ہے۔ اس دور میں رہبرِ معظم انقلاب اسلامی، حضرت آیتالله العظمیٰ سید علی خامنہای (مدّ ظلّه العالی) امتِ مسلمہ کے لیے بصیرت، استقامت اور عزت کا روشن مینار ہیں۔ ان کی قیادت محض ایران کی نہیں بلکہ تمام مظلوم اقوامِ عالم کے لیے امید اور حوصلے کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریہ اسلامی ایران ایک خودمختار، آزاد اور اسلامی نظام ہے جو امام خمینیؒ کے افکار پر قائم ہو کر استکبارِ عالمی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنا ہوا ہے۔ یہ نظام نہ دباؤ سے جھکتا ہے، نہ دھمکیوں سے بکتا ہے، اور نہ ہی سازشوں کے سامنے سرنگوں ہوتا ہے۔ ایران نے ثابت کیا ہے کہ اگر قوم ایمان، وحدت اور باخبر قیادت کے ساتھ کھڑی ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسے غلام نہیں بنا سکتی۔ دوسری طرف امریکہ اور اسرائیل وہ قوتیں ہیں جن کی تاریخ ظلم، جارحیت، لوٹ مار اور انسانی حقوق کی پامالی سے بھری پڑی ہے۔ فلسطین میں نہتے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کا قتل، غزہ کا محاصرہ، لبنان، عراق، شام اور یمن میں خونریزی—یہ سب امریکی سرپرستی اور صہیونی درندگی کے واضح ثبوت ہیں۔ یہ طاقتیں جمہوریت اور آزادی کے نعرے لگاتی ہیں مگر عملاً دنیا کو جنگ، تباہی اور غلامی کے سوا کچھ نہیں دیتیں۔
مدیر حوزات علمیہ علی پور نے کہا کہ ہم دو ٹوک الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ ہم امریکہ اور اسرائیل کی ہر ظالمانہ پالیسی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور صہیونی قبضے کو ناجائز سمجھتے ہیں۔ ہم جمہوریہ اسلامی ایران کی سلامتی، خودمختاری اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کو اپنا اخلاقی اور دینی فریضہ سمجھتے ہیں اور ہم رہبرِ معظم انقلاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم کی بصیرت افروز قیادت نے ایران کو سائنسی، دفاعی، سیاسی اور فکری میدانوں میں وہ مقام دلایا ہے جو استکباری طاقتوں کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ اسی لیے پابندیاں، پروپیگنڈا اور سازشیں کی جاتی ہیں—مگر تاریخ گواہ ہے کہ حق کو دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اسلامی بیداری کو روکا نہیں جا سکتا، مزاحمت کے محاذ کو توڑا نہیں جا سکتا اور رہبرِ معظم کی قیادت میں جمہوریہ اسلامی ایران کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کو صحت، طولِ عمر اور مزید توفیقات عطا فرمائے، جمہوریہ اسلامی ایران کو ہر شر اور دشمنی سے محفوظ رکھے اور امریکہ و اسرائیل کے ظلم کے خلاف مظلوموں کو جلد فتح و نصرت عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ