حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمد رضا فؤادیان نے ’’امام زمانہ (عج) کی ہزار سالہ عمر اور اس کا طبّی معمہ‘‘ کے موضوع پر سوال و جواب کی صورت میں گفتگو کی، جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
طویل عمر سے متعلق اہم شبہ
مہدویت کے میدان میں بار بار اٹھنے والے اہم شبہات میں سے ایک، امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی طویل عمر کا مسئلہ ہے۔ یہ سوال کہ کوئی انسان ہزار سال سے زیادہ کیسے زندہ رہ سکتا ہے اور کیا یہ بات طبّی اعتبار سے ممکن ہے، بہت سے لوگوں کے ذہن میں پیدا ہوتا ہے۔
علمائے کرام نے اس سوال کا جواب دینی اور سائنسی دونوں زاویوں سے دیا ہے۔
قرآن کی روشنی میں طویل عمر کی مثالیں:
دینی نقطۂ نظر سے قرآن کریم میں متعدد ایسی شخصیات کا ذکر ملتا ہے جنہیں طویل عمر عطا کی گئی۔
حضرت نوح علیہ السلام نے تقریباً ڈھائی ہزار سال عمر پائی، جن میں سے نو سو پچاس سال تبلیغِ نبوت میں گزارے۔ اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ انہیں نہ قتل کیا گیا اور نہ سولی دی گئی، بلکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی طرف اٹھا لیا، اور وہ اب بھی زندہ ہیں۔
اسی طرح حضرت خضر علیہ السلام کے بارے میں تمام مسلمان متفق ہیں کہ وہ زندہ ہیں۔ یہ تمام مثالیں اس بات کی واضح دلیل ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ چاہے تو کسی کو طویل عمر عطا فرما سکتا ہے۔
سائنسی ریسرچ اور طویل عمر کا امکان:
سائنسی اعتبار سے بھی انسان ہمیشہ اپنی عمر بڑھانے کی کوشش کرتا رہا ہے، کیونکہ عام طور پر انسانی زندگی ستر یا اسی سال تک محدود ہوتی ہے۔
اسی وجہ سے جینیات (Genetics) کے ماہرین ’’طویل عمر کے جین‘‘ کی تلاش میں مصروف ہیں۔ جدید طبی تحقیقات بھی اس بات کو ناممکن قرار نہیں دیتیں کہ انسان کی عمر بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔
سائنس دانوں کے نظریات:
قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ دنیا کے کسی بڑے سائنس دان نے طویل عمر کے امکان کو سراسر ناممکن نہیں کہا۔
اس سلسلے میں جرمن سائنس دان پروفیسر ربک کا نظریہ قابلِ ذکر ہے، جن کے مطابق مخصوص ساخت والے پانی کا استعمال خلیوں کی کمزوری کو روک سکتا ہے اور عمر میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ پانی عام پانی سے مختلف سالماتی ساخت رکھتا ہے اور بعض پہلوؤں سے سنگین پانی سے مشابہ ہے۔
علمی اور دینی کتابیں
اب تک 70 سے زائد کتابیں امام مہدی (عج) کی طویل عمر سے متعلق شبہات کے جواب میں لکھی جا چکی ہیں، جن میں دینی اور سائنسی دونوں بنیادوں پر اس امکان کو ثابت کیا گیا ہے۔
قدرتِ الٰہی کی دلیل:
قرآن میں بیان ہونے والے معجزات اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ:
’’بے شک اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘
لہٰذا، اعجازِ الٰہی کے نقطۂ نظر سے امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی طویل عمر بالکل ممکن اور قابلِ قبول ہے۔
اللہ تعالیٰ جو قادرِ مطلق ہے، اس نے یہ عظیم نعمت امام مہدی (عج) کو عطا فرمائی ہے۔









آپ کا تبصرہ