بدھ 4 فروری 2026 - 21:51
درَ مَحضر اِمام العصر حجۃ القائم ؑ: نظام قِسط و عَدَل کا رستہ دِکھا رہا ہے وہ آ رہا ہے

حوزہ/امام زمانہ عجل الله تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے سید اظہار بخاری کا کلام قارئین کی خدمت میں حاضر ہے۔

سلام گُذار: سید اظہار بخاری

حوزہ نیوز ایجنسی!

یہ سلسلہ روز و شب کا ہم کو بتا رہا ہے وہ آ رہا ہے
ہزار پردوں میں رہ کے دنیا چلا رہا ہے وہ آ رہا ہے

ہے راج ِ ظُلمت قدم قدم پر، گلی گلی جَور سے بھری ہے
نظام ِ قِسط و عَدَل کا رستہ دِکھا رہا ہے وہ آ رہا ہے

بشر کی ریشہ دَوانیوں میں، مُحبتوں کی گرانیوں میں
دل ِ پریشاں و قلبِ مُضطَر بُلا رہا ہے وہ آ رہا ہے

ازل سے جس مُنتَظَر کی دنیا بَچَشم ِ نَم اِنتظار میں ہے
جو اپنے ہر مُنتَظِر کے دل کی صدا رہا ہے وہ آ رہا ہے

نظام ِ فاسد کی گندگی سے جہان ِ یزداں کو پاک کرکے

بساطِ اِنصاف و عَدل ہر سُو بچھا رہا ہے وہ آ رہا ہے

وجودِ ہستی و نِیستی کا ہے جس کے دم سے وجود قائم
جو قائم ِ بے مثال وجہ بقاء رہا ہے وہ آ رہا ہے

اِمام کا دِل دکھانے والو خوں کے آنسو رُلانے والو
جو چاہنے والے سے بَدعَمل سے خفا رہا ہے وہ آ رہا ہے

بزورِ طاقت بزورِ بازو دبا رہے ہو حسینیوں کو
یہ جانتے ہو کیا وقت بھی ایک سا رہا ہے؟ وہ آ رہا ہے

ہماری ماؤں نے اَلعَجَل کی صدا میں یہ ہی سبق دیا ہے
کہ غلبہ ظُلم و جَبر ہر دم بَھلا رہا ہے ؟ وہ آرہا ہے

تُو خُود کُشی کا جنون لے کر، سامانِ حَرب و فُنون لے کر
بندوق و بارود و بَم سے ہم کو دبا رہا ہے ؟ وہ آ رہا ہے

خدا کا نائب، امامِ عیسیٰ، وہ حاملِ ذوالفقارِ حیدر
ظہور و اظہار سے زمانے پہ چھا رہا ہے وہ آ رہا ہے

از قلم: سید اظہار بخاری

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha