حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ عباس کعبی نے حوزہ نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انقلاب اسلامی، موجودہ دور میں اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں سیرتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی تجدید ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انقلاب عالمی اور فطری تمدنی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کا مخاطب وہ انسان ہیں جو ہدایت قبول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جدید اسلامی ثقافت کی تشکیل
آیت اللہ کعبی نے مزید کہا کہ جدید اسلامی ثقافت کی تشکیل الٰہی قیادت کی رہنمائی، اجتہادِ، زمانے کے تقاضوں کی صحیح پہچان اور جدید انسانی مسائل کے حل کے ذریعے ممکن ہوتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ انقلاب، غدیر کی بنیاد، عاشورا کی روح اور ثقافتِ انتظار سے متاثر ہو کر، توحید، عدل اور انسانی کرامت کی بنیاد پر عالمی نظام میں بنیادی تبدیلی کا ذریعہ بنا ہے۔
مہدویت اور نیک معاشرے کی تشکیل
رکن مجلس خبرگان رہبری نے کہا کہ مہدوی تعلیمات کے مطابق، الٰہی قیادت انسانی معاشرے کی رہنمائی کرتی ہے اور ایمان، توحید اور عملِ صالح کی بنیاد پر ایسے معاشرے کی تشکیل کرتی ہے جو استبداد و استعمار کے خلاف جدوجہد اور انسانی شناخت کی بحالی پر قائم ہو۔
انقلاب اسلامی، عالمی مہدوی انقلاب کا پیش خیمہ
آیت اللہ کعبی نے کہا کہ انقلاب اسلامی، حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عج) کے عالمی انقلاب کی تمہید ہے اور یہ انقلاب ولایتِ فقیہ کو امام زمانہ (عج) کی نیابتِ عامہ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے تشکیل پایا ہے۔
انہوں نے امامت کی دو اقسام بیان کرتے ہوئے کہا:
ایک امامتِ بالاصالہ ہے، جو امام زمانہ (عج) سے مخصوص ہے، اور دوسری امامتِ بالنیابہ ہے، جو ولی فقیہ کے ذریعے انجام پاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب، خالص اسلامی تعلیمات، اجتہاد، زمانے کی آگاہی، ولی فقیہ کی رہنمائی، حوزہ و یونیورسٹی کے اہلِ علم کی کوششوں اور عوامی شرکت کے نتیجے میں کامیاب ہوا۔
صبر و مزاحمت کی اہمیت
آیت اللہ کعبی نے کہا کہ اسلامی انقلاب نے صبر، استقامت اور سازشوں کے مقابلے میں مزاحمت کے ذریعے کامیابی حاصل کی اور سخت مراحل سے عبور کیا
انہوں نے کہا کہ آج بھی یہ انقلاب جہاد، مزاحمت اور عوامی حمایت کی بدولت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
نائب صدر جامعہ مدرسین نے کہا کہ اسلامی انقلاب اپنے اہداف کو مہدوی تعلیمات کی بنیاد پر آگے بڑھا رہا ہے اور یہ ایک عظیم نعمت ہے جس نے عالمی رکاوٹیں توڑ کر ملتِ ایران کا پیغام دنیا تک پہنچایا۔
بین الاقوامی حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے آیت اللہ کعبی نے کہا کہ انقلاب سے قبل دنیا مشرقی اور مغربی بلاک میں تقسیم تھی۔
آج بھی دنیا دو بلاکس میں منقسم ہے:
ایک، زوال پذیر استکباری نظام جو لبرل ڈیموکریسی پر قائم ہے، اور دوسرا، وہ بلاک جو انقلاب اسلامی کے افکار کی بنیاد پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ دوسرا بلاک، محمد اور آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولایت کا عالمی بلاک ہے۔
آیت اللہ کعبی نے آخر میں کہا کہ ہم حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عج) کے ظہور اور ولایت کاملہ کے ظہور کے منتظر ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اسلامی انقلاب، اس عظیم ظہور کی تمہید اور عالمی اسلامی اہداف کی تکمیل کا ذریعہ ہے۔









آپ کا تبصرہ