حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ خبرگان رہبری کی سپریم کونسل کے رکن آیت اللہ عباس کعبی نے اربعین حسینی کے بین الاقوامی مبلغین کے اعزاز میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حوزہ ہائے علمیہ کے مبلغین پر تحریکِ اربعین کے حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حوزہ علمیہ کو تحریکِ اربعین حسینی کی عالمی صلاحیت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے؛ مبلغین کو عاشوراء کے پیغامات کی بنیاد پر دین اسلام اور اسلامی مزاحمتی محاذ کے فروغ کے لیے اقدام کرنا چاہیے۔
آیت اللہ کعبی نے کہا کہ آج حوزہ ہائے علمیہ تحریکِ اربعین کو عالم اسلام کی ایک عظیم صلاحیت قرار دیتے ہوئے الٰہی اور اہل بیت (ع) کی تعلیمات کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آیت اللہ عباس کعبی نے کہا کہ اربعین حسینی کی عالمی تحریک میں اسلامی اور شیعہ امت کے لیے بہت سی کامیابیاں اور برکات ہیں، اس تحریک نے دشمنوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور دشمنانِ اسلام بالخصوص غاصب صیہونی حکومت اس عظیم اسلامی تحریک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔
آیت اللہ کعبی نے تحریکِ اربعین کی آفاقیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی کے سائے میں اربعین حسینی کی تحریک پروان چڑھی اور سال بہ سال اس تاریخی تحریک کی شان و شوکت میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ اربعین، امام زمانہ علیہ السّلام کے ظہور کے لیے زمینہ ساز ہے، لہٰذا حوزہ ہائے علمیہ کے مبلغین کو چاہیے کہ وہ اربعین کی زیارت کو عالمی سطح پر بہتر انداز میں متعارف کروائیں، کیونکہ تحریکِ اربعین امید بخش اور انسان ساز ہے۔
آیت اللہ کعبی نے آخر میں کہا کہ تمام آزادی پسند انسانوں کے لیے کربلا کا سبق شجاعت، استقامت اور مزاحمت کا سبق ہے، ھیھات مناالذله کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں اسلام اور اہل بیت علیہم السّلام کے دشمنوں اور دنیائے استکبار خصوصاً مجرم امریکہ کے خلاف مزاحمت اور ڈٹ جانا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ