حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی بین الاقوامی تبلیغی ادارے کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید مصطفٰی حسینی نیشابوری نے اربعین حسینی کے بین الاقوامی مبلغین کے اعزاز میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اور ہم آہنگی اللہ تعالٰی کی طرف سے تاکید شدہ حکم ہے، لہٰذا ہمیں اتحاد اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے علم اور تجربات سے بہترین استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ انقلابِ اسلامی ثقافتی اداروں کی استعداد کو مضبوط کرنے پر تاکید کرتے ہیں، اس سلسلے میں حوزہ علمیہ، مجمع جہانی اہل بیت(ع)، مجمع تقریب مذاہب اسلامی اور جامعہ المصطفیٰ جیسے اداروں کے تعاون سے بین الاقوامی تبلیغی ادارہ قائم ہوا۔
حجت الاسلام والمسلمین حسینی نیشابوری نے کہا کہ خطے کی مناسب ضرورتوں کا جائزہ، درست نگرانی، صلاحیتوں کی شناخت، انتخاب اور اربعین حسینی کی پیادہ روی میں مبلغین کی روانگی بین الاقوامی تبلیغی ادارے کی خصوصیات میں سے ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے بین الاقوامی تبلیغی ادارے کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ اربعین حسینی، صرف پیدل چلنے کا نام یا پھر کسی ایک زمانے یا کسی مکان تک محدود نہیں ہے، پیغام اربعین، ظلم سے نجات کا پیغام ہے اور اس کا ترجمہ ایران، لبنان یا فلسطین میں کیا جا سکتا ہے اور یہ الہام بخش ہو سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ امیدوار ہیں کہ مستقبل میں تحریکِ اربعین حسینی حضرت صاحب الزمان عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کے ظہور اور ان کی عادلانہ حکومت سے منسلک ہوگی۔
آپ کا تبصرہ