حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ دفاع جنرل عزیز نصیر زادہ نے شہید حاج قاسم سلیمانی کی پانچویں برسی کے موقع پر تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیائے اسلام کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ ان کا مکتب، عاشورا، اسلام اور انقلاب کے مکتب سے جدا نہیں تھا۔ یہ تمام مکاتب ظلم کے خلاف جدوجہد، استکبار کے خلاف مزاحمت اور مظلوموں کے دفاع کے اصولوں پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کی ایک اہم خصوصیت امت مسلمہ کے درمیان معنی خیز روابط قائم کرنا تھی۔ تقریباً 22 سالہ سپاہ پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کی قیادت کے دوران، وہ افغانستان، عراق، شام اور یمن جیسے ممالک میں اسلامی اتحاد کی علامت بنے۔
ایرانی وزیرِ دفاع نے شہید سلیمانی کی عاجزی، محنت اور اخلاص کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بھی ان کی ذہانت، جدت پسندی اور عملی صلاحیت کے معترف تھے۔ وہ حکمت عملی کو تیزی سے عملی شکل دینے کے ماہر تھے اور ہمیشہ فرصت کو غنیمت جانتے تھے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ شہید سلیمانی کا اہم ترین ورثہ حزب اللہ جیسی طاقتیں ہیں، جن کو دنیا کے دیگر خطوں میں بھی نمونہ قرار دیا جارہا ہے۔
آپ کا تبصرہ