پیر 6 جنوری 2025 - 23:32
گزشتہ سال حرم امام رضا (ع) کی غیر ملکی زائرین کو فراہم کی گئیں خدمات+رپورٹ

حوزہ/حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا نورانی اور ملکوتی حرم، ان تمام زائرین کے لیے ایک عظیم پناہ گاہ ہے جو اس بارگاہ کی زیارت کے لیے دنیا بھر سے تشریف لاتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام رضا علیہ السّلام کے زائرین دور و دراز علاقوں اور مختلف ممالک سے شاہِ خراسان کے حرم مطہر کی زیارت کے لیے تشریف لاتے ہیں، حرم امام رضا علیہ السّلام کے ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین کی انتظامیہ مہمان نوازی کی رسم ادا کرتے ہوئے ان زائرین کو مختلف اور متنوع خدمات فراہم کرتی ہے۔

ذیل میں آپ قارئین کے لیے شمسی سال 1403 کے آغاز سے اب تک غیر ملکی زائرین کو دی جانے والی خدمات کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

ماہ مبارک رمضان کے خصوصی پروگرامز

نئے سال کے ایّام اور عید نوروز ماہ مبارک رمضان میں آنے کی وجہ سے ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین نے اس مبارک مہینے سے موزون روایتی پروگراموں جیسے ’’ہل ہلالک‘‘ سے نئے سال کا آغاز کیا، یہ روایتی پروگرام ماہ مبارک رمضان کی پہلی رات کو رواق امام خمینی (رح) میں منعقد کیا گیا، جس میں بارہ ممالک کے چالیس بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔

شب ہائے قدر کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السّلام کے رواق دارالمرحمہ، دار الرحمہ اور رواق غدیر میں عرب، آذری اور اردو زبان زائرین کے لیے خصوصی دعائیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور قدس عالمی ڈے کے موقع پر ’’طوفان الاحرار‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں ’’فتح عشق‘‘ کے عنوان سے چند زبانوں میں ترانہ پڑھا گیا۔

جشنِ بلوغت کی تقریبات کا انعقاد

ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین کی انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی زائرین کو دی جانے والی ایک اور خدمت شرعی لحاظ سے بالغ ہونے والے بچوں اور بچیوں کے لیے جشنِ بلوغت کے عنوان سے تقریبات کا انعقاد ہے، جن میں دینی و شرعی مسائل سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

اس مناسبت سے مئی2024 میں 26 عرب زبان بچوں کے لیے جن کا تعلق شام، بحرین اور عراق سے تھا، جشنِ بلوغت کا انعقاد کیا گیا اور اسی طرح اپریل 2024 میں عالم اسلام کی بچیوں کے لیے سب سے بڑے جشنِ بلوغت کے عنوان سے حرم امام رضا (ع) میں تقریب کا انعقاد کیا گیا اور دسمبر2024 میں 22 عرب زبان بچیوں نے رواق ملل میں جشنِ بلوغت منایا، ان بچیوں کا تعلق عراق، شام، لبنان اور بحرین سے تھا۔

واضح رہے کہ ان بچوں اور بچیوں کو جن پر نماز اور عبادات واجب ہو گئی تھیں، جشنِ بلوغت کے وقت مختلف ثقافتی تحائف جیسے نماز کی چادر، جائے نماز (مصلی) اور تسبیح وغیرہ ہدیہ کی گئی۔

عشرۂ کرامت کے موقع پر محافل کا انعقاد

عشرۂ کرامت، یعنی حضرت فاطمہ معصومہ (س) اور حضرت امام علی رضا (ع) کی ولادتِ باسعادت کے ایّام میں اسلامی ممالک سے کثیر تعداد میں زائرین حرم امام رضا (ع) کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں، ان ایّام میں، ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین کی انتظامیہ ان زائرین کے لیے خصوصی محافل کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پذیرائی کا بھی خاص اہتمام کرتی ہے۔

گزشتہ سال عشرۂ کرامت کی خصوصی محافل کو ’’شکوہ کرامت‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا، ان میں جشنِ میلاد حضرت معصومہ (س) اور جشنِ میلاد حضرت امام رضا (ع) سمیت اردو زبان خواتین کے لیے جشن کے خصوصی پروگرام رواق غدیر میں منعقد کئے گئے، آذری زبان زائرین کے لیے عشرۂ کرامت کے خصوصی پروگرام رواق دارالرحمہ میں منعقد ہوئے اور عرب زبان زائرین کے خصوصی پروگرام، جن میں منقبت خوانی اور محفل شب شعر تھی، رواق دارالمرحمہ اور صحنِ غدیر میں منعقد کئے گئے اس کے علاوہ ثقافتی مقابلوں کا انعقاد اور رضوی متبرک تحائف بھی ان بابرکت ایّام میں ہدیہ کئے گئے۔

مختلف مناسبتوں پر غیر ملکی زائرین کے لیے خصوصی پروگراموں کا انعقاد

اردو زبان زائرین کے لیے شہدائے خدمت کی یاد میں تقریب کا انعقاد،’’شہدائے در غربت‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی 9ویں کانفرنس کی ابتدائی نشست کا انعقاد، علمی کانفرنس قدس شریف کی مزاحمت اور نظریات کی حمایت کا جائزہ، اردو زبان زائرین کے لیے شہادتِ امام جواد (ع) کے موقع پر مجلسِ عزاء کا انعقاد، 22 نئے شادی شدہ جوڑوں کے لیے تقریب کا انعقاد اور 25 غیر ملکی جوڑوں کے نکاح کی تقریب، جن کا تعلق مڈغاسکر، ہندوستان، شام، انگلستان، عراق، امریکہ اور فرانس سے تھا، یہ تقریب امیر المؤمنین حضرت علی (ع) اور حضرت فاطمہ زہراء (س) کے یومِ ازدواج کے موقع پر منعقد کی گئی، دعائے عرفہ کی پر رونق تقریب کا انعقاد، عید سعید غدیر کے موقع پر’’میں علوی ہوں‘‘ کے عنوان سے عالم اسلام کی بچیوں کے لیے مختلف محافل کا انعقاد وہ چند پروگرامز ہیں، جنہیں حرم امام رضا علیہ السّلام کے ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین کی جانب سے آذری، عرب اور اردو زبان زائرین کے لیے منعقد کیا گیا۔

محرم الحرام اور صفر المظفر کے ایّام میں، حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السّلام کی عزاداری کا انعقاد بھی حرم امام رضا علیہ السّلام کے اہم پروگراموں میں شامل ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha