حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل انڈیا شیعہ کونسل نے انقلابِ اسلامی کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے انقلابِ اسلامی کو دنیا بھر کے مظلوم اور حق طلب انسانوں کے لیے امید اور استقامت کا پیغام قرار دیا ہے۔
آل انڈیا شیعہ کونسل کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
باسمہ سبحانہ و تعالیٰ
وَمَكَروا وَمَكَرَ اللَّهُ وَاللَّهُ خَيرُ الماكِرينَ.
جمہوری اسلامی ایران ایک عظیم عوامی اور اسلامی انقلاب کا ثمرہ ہے جو ایمان، بصیرت، استقلال اور ظلم کے خلاف قیام سے وجود میں آیا ہے۔ یہ انقلاب نہ صرف ملتِ ایران کی آزادی و خود مختاری کی علامت ہے، بلکہ دنیا بھر کے مظلوم اور حق طلب انسانوں کے لیے امید اور استقامت کا پیغام بھی ہے۔ شدید دباؤ، سازشوں اور ظالمانہ پابندیوں کے باوجود ایران کا ثابت قدم رہنا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ حق کی بنیاد پر قائم نظام کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
اس عظیم انقلاب کے سفر میں مقام معظم رہبری حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ العالی کی حکیمانہ، دور اندیش اور بصیرت افروز قیادت کا کردار نہایت فیصلہ کن رہا ہے۔ ان کی قیادت نے نہ صرف انقلابِ اسلامی کو داخلی و خارجی فتنوں سے محفوظ رکھا بلکہ ملتِ ایران کو عزت، وقار اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ عطا کیا۔
آل انڈیا شیعہ کونسل پورے اخلاص کے ساتھ مقام معظم رہبری کی صحت، سلامتی، طول عمر اور دوام عزت کے لئے دعاگو ہے۔ اسی طرح نظام اسلامی کے ان تمام مخلص، دلسوز اور خدمت گذار افراد و اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو دیانت اور قربانی کے جذبہ کے ساتھ انقلاب اور ملت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ان کی کاوشیں قابل تحسین اور لائق قدر ہیں۔
اس کے برعکس ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی سامراجی و مداخلت پسندانہ پالیسیاں، صہیونی رژیم کے مسلسل مظالم اور جارحیت اور بعض یورپی ممالک کی اندھی حمایت عالمی امن کے لئے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔ ظالمانہ پابندیاں، انسانی حقوق کے جھوٹے دعوے اور دوہرے معیارات درحقیقت عالمی ضمیر کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ آل انڈیا شیعہ کونسل اِن استعماری، غیر انسانی اور غیر قانونی پالیسیوں کے خلاف سخت انزجار اور گہرے غم و غصہ کا بھی اظہار کرتی ہے۔
ہم پورے یقین کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ مزاحمت، استقلال اور حق پر مبنی راستہ دباؤ، دھمکی اور پابندیوں سے نہ رُکا تھا نہ رُکے گا۔ ملت ایران اپنے فرزانہ رہبر کی قیادت میں پہلے کی طرح آئندہ بھی سربلندی اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔
آل انڈیا شیعہ کونسل دعاگو ہے کہ دنیا کی مظلوم اقوام بیدار ہوں، باطل کے نظام سے نجات حاصل کریں اور عدل و انصاف، احترامِ انسانیت اور پائیدار امن پر مبنی عالمی نظام قائم ہو۔
والسلام علیٰ من اتبع الہدیٰ
آل انڈیا شیعہ کونسل
۱۲/جنوری ۲۰۲۶ء










آپ کا تبصرہ