بدھ 4 فروری 2026 - 21:50
مجمع اہلِ بیت ہند کا جمہوری اسلامی ایران اور قیادت کی بھرپور حمایت کا اعلان

حوزہ/ مجمع اہلِ بیت ہند نے ایک اہم بیان میں جمہوری اسلامی ایران کو عالمی استکبار کے خلاف مزاحمت کی علامت قرار دیتے ہوئے رہبرِ انقلاب کی حکیمانہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ امریکہ، صہیونی رژیم اور ان کے اتحادیوں کی جارحانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع اہلِ بیت ہند نے ایک اہم بیان میں جمہوری اسلامی ایران کو عالمی استکبار کے خلاف مزاحمت کی علامت قرار دیتے ہوئے رہبرِ انقلاب کی حکیمانہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ امریکہ، صہیونی رژیم اور ان کے اتحادیوں کی جارحانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

بیان کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم

يُرِيدُونَ أَنْ يُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَيَأْبَى اللَّهُ إِلَّا أَنْ يُتِمَّ نُورَهُ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ

آج کی دنیا کی آزاد قومیں اور بیدار ضمیر اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ جمہوری اسلامی ایران آزادی، قومی وقار اور خالص اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر عالمی استکبار اور نظامِ ظلم و تسلط کے خلاف جدوجہد کی صفِ اوّل میں کھڑا ہے۔ اسلامی ایران نے شدید دباؤ، پابندیوں اور ہمہ جہت سازشوں کے باوجود عزت، ترقی اور مزاحمت کے راستے کو پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھا ہے اور کبھی بھی اپنے اصولوں اور اہداف سے پیچھے نہیں ہٹا۔

مقامِ معظم رہبری (مدظلہ العالی) کی حکیمانہ اور دور اندیش قیادت، جو امتِ اسلامی کے لیے وحدت اور بصیرت کا محور ہے، ملک کی آزادی کے تحفظ، دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے اور عقلانیت، مزاحمت اور امید کے راستے میں جامع رہنمائی فراہم کرنے میں بے مثال کردار ادا کرتی رہی ہے۔ ان کی مدبرانہ تدابیر نے اسلامی انقلاب کی کشتی کو شدید طوفانوں کے درمیان سے نکال کر امن اور استحکام کے ساحل تک پہنچایا ہے۔

مجمع اہلِ بیت ہند پوری قوت کے ساتھ عالمی استکبار، بالخصوص امریکہ، صہیونی رژیم اور ان کے یورپی اتحادیوں کی جارحانہ اور مداخلت پسند پالیسیوں کی سخت مذمت کرتا ہے، جو عدمِ تحفظ، ظالمانہ پابندیوں اور اقوام کے حقوق کی کھلی پامالی کے اصل ذمہ دار ہیں۔ اسی طرح اسلامی ممالک میں موجود بعض کرائے کے عناصر اور وابستگان کے شرمناک کردار کی بھی شدید مذمت کی جاتی ہے جو جان بوجھ کر یا نادانستہ طور پر اسلام دشمن منصوبوں کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔

ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایمان، اتحاد اور مزاحمت کے سہارے ہر دباؤ سے نکل آئے گی اور دشمنوں کی سازشوں کو ایک ایک کر کے ناکام بناتی رہے گی۔

مجمع اہلِ بیت ہند، جمہوری اسلامی ایران اور اس کی حکیمانہ قیادت کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے، دنیا کی تمام آزاد قوموں، علما، دانشوروں اور آزاد خیال تحریکوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ظلم اور استکبار کے خلاف ڈٹ جائیں اور حق و انصاف کی آواز کو پہلے سے زیادہ بلند کرکے دنیا تک پہنچائیں۔

ہم بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں کہ وہ مقامِ معظم رہبری (مدظلہ العالی) کا بابرکت سایہ امتِ اسلامی پر ہمیشہ قائم رکھے، ان کی صحت، عزت، حکمت اور الٰہی توفیقات میں اضافہ فرمائے، اور انہیں ظہورِ پُرنورِ حضرت ولی عصرؑ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) تک محفوظ اور منصور رکھے۔

اے پروردگار! انقلابِ اسلامی کے دانا رہبر کو اپنی خاص عنایات کے ذریعے غیبی تائیدات سے سرفراز فرما، انہیں حق کے راستے پر ثابت قدم رکھ اور اسلام و انسانیت کے دشمنوں کی سازشوں پر انہیں غالب فرما۔

اسی طرح ہم دعا کرتے ہیں کہ نظامِ اسلامی کے تمام مخلص، درد مند اور ذمہ دار خدمت گزاروں کو ان کی سنگین ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کامیابی عطا فرما، ان کی پاک نیتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرما، ان کے قدموں میں استقامت، دلوں میں اخلاص اور کوششوں میں برکت و دوام عطا فرما۔

اے ربّ کریم! ملت اور انقلاب کے سچے خادموں کو لغزشوں سے محفوظ رکھ، بے لوث اور خالص خدمت کی توفیق عطا فرما، اور انہیں اپنے صالح بندوں اور راہِ حق کے مجاہدین میں شمار فرما۔

آمین یا رب العالمین

مجمع اہلِ بیت ہند

۲۴ دی ۱۴۰۴ شمسی

۱۲ جنوری ۲۰۲۶ عیسوی

مجمع اہلِ بیت ہند کا جمہوری اسلامی ایران اور قیادت کی بھرپور حمایت کا اعلان

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha