حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،الہ آباد/ مدرسہ انوار الزہرا الہ آباد کی مدیر عالمہ شبیہ فاطمہ جوادی نے انقلابِ اسلامی ایران کو تاریخِ عالم کا ایک درخشاں اور فیصلہ کن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس انقلاب نے نہ صرف ایران بلکہ پوری دنیا میں مظلوموں اور محروموں کے لیے امید کی نئی کرن پیدا کی اور عالمی سطح پر اسلامی بیداری کی ایک مؤثر لہر کو جنم دیا۔
انہوں نے کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران سے متاثر ہو کر، مجاہدینِ راہِ خدا نے عزمِ حسینی (ع) کو اپنا نصب العین قرار دیا۔ انہوں نے یہ عہد کیا کہ وہ اسلام کی سربلندی اور نظامِ اسلامی کے قیام کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان کی اللہ اکبر کی صدا نے مستکبرینِ عالم کے ایوانوں میں زلزلہ برپا کر دیا۔ یہ مجاہدین، کربلا کے ان 72 شہداء کی یادگار ہیں جنہوں نے باطل کے سامنے سر جھکانے سے انکار کر دیا تھا۔
عالمہ شبیہ فاطمہ جوادی نے انقلابِ اسلامی کے بانی حضرت امام خمینیؒ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران کے بانی، حضرت امام خمینی (رح) نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور بے مثال ایثار سے اس انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ آپ نے اپنے بیٹے کی شہادت کا غم بھی برداشت کیا لیکن تحریکِ انقلاب سے دستبردار نہیں ہوئے۔ آپ کا یہ قول زریں ہمیشہ ہمارے لیے مشعلِ راہ رہے گا کہ "جہاد فی سبیل اللہ قربانی چاہتا ہے اور یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم اپنی پسندیدہ چیزوں کو خدا کی راہ میں قربان کر دیں۔"
انہوں نے موجودہ مقامِ معظم رہبری حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کو اسی فکر و عمل کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج، مقامِ معظم رہبری حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ) اسی فکر و عمل کے علمبردار ہیں۔ آپ نے انقلابِ اسلامی کے اصولوں پر ثابت قدم رہتے ہوئے، دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ آپ کا توکل بر خدا اس قدر مضبوط ہے کہ آپ ہمیشہ مجاہدین کو یہ نصیحت کرتے ہیں کہ "دشمن کی کثرت سے نہ گھبرانا، ہمارے ساتھ خدا ہے۔"
نصرتِ الٰہی کا وعدہ
عالمہ شبیہ فاطمہ جوادی نے قرآن مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ حق کے علمبردار ہمیشہ قلیل تعداد میں ہونے کے باوجود باطل پر غالب آئے ہیں۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے:"کَم مِّن فِئَةٍ قَلِيلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً كَثِيرَةً بِإِذْنِ اللَّـهِ" (سورہ بقرہ: 249)"کتنی ہی چھوٹی جماعتیں اللہ کے حکم سے بڑی جماعتوں پر غالب آئی ہیں۔"
اسی طرح، قرآن مجید میں یہ بھی ارشاد ہے: "يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تَنصُرُوا اللَّهَ يَنصُرْكُمْ وَيُثَبِّتْ أَقْدَامَكُمْ" (سورہ محمد: 7)"اے ایمان والو! اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جمائے گا۔"
انقلابِ مہدی (عج) سے اتصال
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ناقابلِ انکار حقیقت ہے کہ جس نے بھی اللہ پر توکل کیا ہے، اسے کامیابی ملی ہے۔ انقلابِ اسلامی ایران بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور انشاءاللہ ایک دن یہ انقلاب، انقلابِ مہدی (عج) سے متصل ہو جائے گا۔ اس دن، دنیا عدل و انصاف سے بھر جائے گی اور باطل ہمیشہ کے لیے مٹ جائے گا۔
"جَآءَالْحَقُّ وَ ذَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا"
"حق آ گیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے والا ہی ہے۔"
آخر میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جہاد بالقلم کی توفیق نصیب ہوئی، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو انقلابِ مہدیؑ (عج) میں شامل ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ