پیر 9 فروری 2026 - 23:23
اسلام آباد کی جامع مسجد پر وحشیانہ حملے کی شیعہ علماء اسمبلی ہند کی شدید مذمت

حوزہ/ اسلام آباد کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران درجنوں نمازیوں کی شہادت نے پوری قوم کو غمگین کر دیا ہے۔ شیعہ علماء اسمبلی ہند نے اس سفاکانہ حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری سے مظلوم عوام کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران درجنوں نمازیوں کی شہادت نے پوری قوم کو غمگین کر دیا ہے۔ شیعہ علماء اسمبلی ہند نے اس سفاکانہ حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری سے مظلوم عوام کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

بیان کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

وَلَا تَحْسَبَنَّ اللَّهَ غَافِلًا عَمَّا يَعْمَلُ الظَّالِمُونَ ۚ إِنَّمَا يُؤَخِّرُهُمْ لِيَوْمٍ تَشْخَصُ فِيهِ الْأَبْصَارُ ‎﴿ ابراہیم/ ٤٢﴾‏

اسلام آباد کی جامع مسجد میں پیش آنے والا اندوہناک سانحہ، جس میں نمازِ جمعہ کے دوران درجنوں بے گناہ نمازیوں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا، ہر صاحبِ دل انسان کے لیے گہرے رنج و الم کا باعث ہے۔ یہ واقعہ صرف چند جانوں کے زیاں کا نہیں بلکہ انسانیت، دین اور اخلاقی اقدار پر ایک کھلا ہوا حملہ ہے۔

﴿وَلَا تَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِینَ قُتِلُوا۟ فِی سَبِیلِ ٱللَّهِ أَمۡوَٰتَۢاۚ بَلۡ أَحۡیَآءٌ عِندَ رَبِّهِمۡ یُرۡزَقُونَ﴾ (سورۂ آلِ عمران: 169)

یہ حقیقت اب کسی دلیل کی محتاج نہیں رہی کہ پاکستان کی سرزمین پر عرصۂ دراز سے ایک منظم دہشت گردی مسلط کی جا رہی ہے، جس کا ہدف کبھی مسجد بنتی ہے، کبھی محراب، کبھی عالمِ دین اور کبھی سجدے میں جھکا ہوا سر۔ یہ وہ عناصر ہیں جن کا نہ دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ انسانیت سے؛ ان کا مقصد صرف خوف، انتشار اور تباہی و بربادی پھیلانا ہے۔

یہ امر نہایت تشویشناک ہے کہ مذہبی مقامات، جو امن، عبادت اور سکون کی علامت ہوتے ہیں، مسلسل خون میں نہلائے جا رہے ہیں، اور عالمی ضمیر، انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار اور بین الاقوامی ادارے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ حالانکہ یہ سانحات کسی ایک ملک یا فرقے کا مسئلہ نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں۔

شیعہ علماء اسمبلی ہند پاکستانی حکومت سے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے نیٹ ورک، ان کے معاونین اور پشت پناہوں کے خلاف بلا امتیاز فیصلہ کن کارروائی کرے، تاکہ مساجد، علماء اور نہتے شہریوں کی جان و حرمت محفوظ ہو سکے۔

اسی کے ساتھ ہم عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کا حقیقت پسندانہ نوٹس لیں اور مظلوم عوام کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کریں، محض رسمی بیانات پر اکتفا نہ کریں۔

شیعہ علماء اسمبلی ہند اس سفاک اور غیر انسانی حملے کی پُرزور مذمت کرتی ہے اور شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

ہم زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دستِ دعا بلند کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر، حوصلہ اور استقامت عطا فرمائے۔

اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی خاص رحمتوں میں جگہ دے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو کامل شفا نصیب فرمائے۔ آمین۔

والسلام

شیعہ علماء اسمبلی ہند

اسلام آباد کی جامع مسجد پر وحشیانہ حملے کی شیعہ علماء اسمبلی ہند کی شدید مذمت

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha