منگل 10 فروری 2026 - 16:06
جامع مسجد خدیجہ الکبریٰؑ پر حملہ انسانیت کے خلاف جرم اور تکفیری سوچ کا نتیجہ ہے: مولانا وسیم رضا کشمیری

حوزہ/ مسجد دھماکہ مذہبی ہم آہنگی پر حملہ، اقلیتوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر/ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کی جامع مسجد و امام بارہ خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیھا میں ہونے والے بزدلانہ بم حملے پر ایران میں مقیم کشمیری مذہبی اسکالر مولانا وسیم رضا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس دہشتگردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جامعة المصطفی العالمیہ حوزہ علمیہ قم میں زیر تعلیم اسلامی اسکالر اور سیاسی تجزیہ نگار مولانا وسیم رضا کشمیری نے کہا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر عبادت میں مصروف نہتے، کلمہ گو اور بے گناہ انسانوں کا خون بہانا ایک ناقابل معافی جرم ہے، جو تکفیری اور انسان دشمن سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ یہ واقعہ ریاستی سطح پر مؤثر تحفظ کی ناکامی کا بھی واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ مسلمانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف دہشتگردی کے واقعات ایک طویل عرصے سے جاری ہیں مگر افسوس حکومت اور سکیورٹی ادارے ان طبقات کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک فتنۂ تکفیر کو جڑ سے ختم نہیں کیا جاتا، معصوم انسانوں کا خون بہتا رہے گا۔

مولانا وسیم رضا کشمیری نے مزید کہا کہ تکفیری دہشتگرد گروہ منظم سازشوں کے ذریعے نفرت، خوف اور بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ بعض ممالک میں قائم مدارس اور تربیتی مراکز کے ذریعے نوجوانوں کے اذہان کو مسخ کر کے اسلام کے حقیقی پیغام سے دور اور خودساختہ جہاد کی طرف مائل کیا جا رہا ہے، جو دین اسلام کی کھلی تحریف ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسلام، جو نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کا پیش کردہ دین رحمت ہے، بے گناہوں کے قتل اور ہر قسم کے تشدد کی قطعی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام امن، رواداری اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے۔

آخر میں مولانا کشمیری نے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha