۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
پاکستان میں شیعہ ہزارہ برادری کے قتل عام کے خلاف دہلی میں زبردست احتجاج

حوزہ/ آل انڈیا شیعہ کونسل و انجمن شیعۃ الصفا نے بھیجا پاکستانی وزیر اعظم کو مکتوب۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نئی دہلی/ پاکستان میں دہشتگردانہ حملے میں ہزارہ شیعہ مزدوروں کے دردناک قتل کے خلاف آل انڈیا شیعہ کونسل اور انجمن شیعۃ الصفا، دہلی کے زیر اہتمام شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ پر احتجاجی جلسہ و مظاہرہ کیا گیا۔

اس احتجاجی جلسہ میں پاکستان میں مذہبی اقلیتوں بالخصوص شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے خلاف ہورہی دہشت گردانہ کاروائیوں پر پاکستانی حکومت سے لگام لگانے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سنیچر کو بلوچستان کے مچھ علاقہ میں  ہزارہ شیعہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ١١ مزدوروں کو نہایت بے دردی کے ساتھ گلے کاٹ کراجتماعی قتل کیا گیا اس قتل کی ذمہ داری پاکستانی داعش دہشتگرد گروہ نے قبول کی۔

مولانا محسن تقوی امام جمعہ شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ نے اس سانحہ پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے شہیدوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان دہشت گردوں کے خلاف فوری ایکشن کا مطالبہ کیا۔

آل انڈیاشیعہ کونسل کے صدر مولانا جنان اصغر مولائی نے اس بزدلانہ دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگرد تنظیمیں ہمیشہ سرگرم رہتی ہیں، جن پر سرکاریں لگام لگانے میں ناکام رہی ہیں، موجودہ سرکار قیام امن کے وعدوں کے ساتھ آئی لیکن اپنے ملک کے عوام کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

مولانا عابد عباس زیدی اورمولانا سید ریحان حیدر نے بھی اس دلخراش واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غیرتمند شیعہ ہزارہ قوم سے یکجہتی وہمدردی کے ساتھ قاتلوں کو قرار واقعی اور عبرتناک سزا دینے کا پاکستانی سرکار سے مطالبہ کیا۔

مولانا شیخ محمد عسکری امام جماعت حیدری ہال نے مظلوموں کے اس قتل کو بہت دردناک اور تکلیف دہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہر دردمند انسان اس ظلم پر رنجیدہ ہے۔
آل انڈیاشیعہ کونسل کے جنرل سکریٹری مولانا مرزا عمران علی نے ان ١١ نہتے اور بے گناہ افراد کے قتل کو پاکستانی حکومت کی سخت ناکامی قرار دیتے ہوئے جلد ازجلد  دہشتگردوں کے خلاف عملی اقدام اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

مولانا جلال حیدر نقوی قومی ترجمان شیعہ کونسل نے اس دہشتگردانہ واقعہ کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کو میمورنڈم ارسال کررہے ہیں اور جلد سے جلد مظلوموں کی فریاد رسی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے میمورنڈم کے نکات کو پڑھا جس کی جلسہ کے شرکاء نے تائید کی۔
اس موقع پر مولانا سید محمد حیدر اور مولانا جمال حیدر قاسمی نے بھی اظہار خیال کیااور بڑی تعداد میں علماء کرام اورمومنین نے شرکت کرکے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .