حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی/ معروف شیعہ مذہبی رہنما اور آل انڈیا شیعہ کونسل کے قومی ترجمان مولانا جلال حیدر نقوی نے دی کشمیر فائلز فلم کے ٹریلر میں دہشت گردانہ سرگرمی کرتے ہوئے لوگوں کے ہاتھوں میں رہبرِ انقلاب حضرت امام خمینی کی تصویر دکھائے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
مولانا نے کہا کہ زی اسٹوڈیوز کے ذریعے 13مارچ کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں امام خمینی کی تصویر دکھانا ایک سوچی سمجھی عالمی سازش کا حصہ ہے تاکہ ایران اور ہندوستان کے درمیان رشتوں میں تلخی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں موجود امام خمینی کے کروڑوں عقیدتمندوں کے دلوں کو مجروح کیا جاسکے۔
مولانا جلال نقوی نے فلم سے قابل اعتراض چیزوں کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینسر بورڈ کو اس مسئلہ کا نوٹس لینا چاہیے اور قابل اعتراض مواد کو فوری ہٹا دینا چاہیے۔
مولانا جلال حیدر نقوی نے سامراجی طاقتوں کے ذریعہ ایران و ہند کے درمیان صدیوں پرانے اور مضبوط رشتوں میں کڑواہٹ پیدا کرنے کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران اور ہندوستان کے درمیان اچھے اور گہرے رشتے ہیں اور کچھ سامراجی طاقتیں نہیں چاہتی کہ ایران و ہند کے درمیان بہتر تعلقات رہیں ان کا مقصد ان روابط کو خراب کرنا ہے کیونکہ اس فلم میں حضرت امام خمینی کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کی سربراہی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جس کو ایران حکومت کسی بھی صورت پسند نہیں کرے گی کیونکہ امام خمینی کا مقام ایرانی عوام اور ایرانی حکومت میں بہت عظیم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تعجب ہے جو ایران دسیوں سال سے دہشت گردی کو قلع قمعہ کرنے میں ہمہ تن اور ہمہ وقت مصروف ہے اس جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کی شان میں ایساگستاخانہ الزام لگایا جائے۔