حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انقلابِ اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر قم المقدسہ میں منعقد ہونے والی 22 بہمن کی ریلی اس سال خصوصی اہمیت کی حامل رہی، جہاں عوام نے بھرپور اور وسیع شرکت کے ذریعے انقلابِ اسلامی اور اسلامی نظام سے اپنی غیر متزلزل وفاداری کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس سال کی ریلی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر مختلف رہی، کیونکہ حالیہ مہینوں میں ملک میں برپا ہونے والے فسادات اور ضدِ انقلاب عناصر کی جانب سے پورے ایران میں بدامنی پھیلانے اور انقلابِ اسلامی کو کمزور کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد یہ عوامی اجتماع نہایت اہم سمجھا جا رہا تھا۔
ریلی میں شریک افراد ایرانی پرچم، انقلابی نعروں اور شہداء کی تصاویر پر مشتمل بینرز اٹھائے مرکزی شاہراہوں پر مارچ کرتے رہے۔ نوجوانوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بھرپور شرکت نے اس بات کو واضح کیا کہ تمام طبقاتِ معاشرہ اسلامی نظام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
شرکاء نے "مرگ بر امریکہ"، "مرگ بر اسرائیل" اور "استقلال، آزادی، جمہوری اسلامی" جیسے نعروں کے ذریعے دشمن طاقتوں اور انقلاب مخالف عناصر کو واضح پیغام دیا کہ ایرانی قوم کسی بھی سازش یا دباؤ کے سامنے جھکنے والی نہیں۔
یہ ریلی اس پس منظر میں منعقد ہوئی کہ حالیہ عرصے میں بعض بیرونی طاقتوں کی پشت پناہی سے ضدِ انقلاب گروہوں نے ملک میں فسادات برپا کرنے اور عوام کو نظام سے بدظن کرنے کی کوشش کی، تاہم ایرانی عوام نے 22 بہمن کی اس شاندار موجودگی کے ذریعے ان تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
منتشر شدہ تصاویر اور ویڈیوز قم کے عوام کی امام خمینیؒ اور رہبر معظم انقلاب اسلامی سے گہری عقیدت اور وفاداری کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم آج بھی انقلاب کے نظریات اور اہداف کی حفاظت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
یہ عظیم الشان اور بامقصد ریلی ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ ایرانی عوام اتحاد، بصیرت اور استقامت کے ساتھ دشمنوں اور انقلاب مخالف عناصر کی ہر کوشش کا مقابلہ کرتے رہیں گے اور انقلابِ اسلامی کی شمع کو ہمیشہ روشن رکھیں گے۔









آپ کا تبصرہ