حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دیگر علاقوں کی طرح صوبہ قم کے عوام نے بھی یوماللہ ۱۳ آبان کے موقع پر جوش و خروش کے ساتھ ریلیوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر مرد، خواتین، طلبہ، اساتذہ، طلاب اور علمائے کرام نے ریلی کے دوران امریکہ اور اسرائیل مخالف نعروں کے ذریعے استکباری طاقتوں کے خلاف اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔
شرکاء کے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز تھے جن پر نعرے درج تھے: “امریکہ مردہ باد”، “منافق پر لعنت”، “نہ جھکیں گے نہ سمجھوتہ کریں گے، امریکہ کے خلاف اعلان جنگ”، اور “ایٹمی توانائی ہمارا مسلم حق ہے ”۔ عوام نے ان نعروں کے ذریعے انقلاب اسلامی کے اصولوں، استقلال اور مزاحمت کے پیغام کو ایک بار پھر دنیا تک پہنچایا۔
ریلی کے دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے انقلابی ترانے اور نغمے پیش کیے، جنہوں نے اجتماع کے جذبے اور جوش کو مزید بڑھا دیا۔
۱۳ آبان، انقلاب اسلامی کی تاریخ میں تین اہم واقعات کی یاد دلاتا ہے:1. 1964ء میں امام خمینیؒ کی جلاوطنی، 2. 1978ء میں شاہی حکومت کے خلاف احتجاج میں طلبہ کی شہادت، 3. اور 1979ء میں امریکی سفارت خانے (جاسوسی کے اڈّہ) پر قبضہ، جو ملت ایران کی استکبار کے مقابل استقامت اور غیرتِ ایمانی کی روشن علامت بنے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے بھی اپنے حالیہ خطاب میں اس دن کو ملت ایران کے افتخار و کامیابی کا دن قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ۱۳ آبان نے دنیا کے سامنے امریکہ کا حقیقی چہرہ بے نقاب کیا اور ملت ایران کی بیداری و استقلال کا مظہر بن گیا۔









آپ کا تبصرہ