حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں انقلابی عوام، تاجر برادری اور مذہبی انجمنوں نے گزشتہ روز، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی وفات کی مناسبت سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے صحن امام رضا علیہ السلام میں بڑے اجتماع کا انعقاد کیا۔ شرکا نے بدامنی پھیلانے والوں اور شہر کے امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ان اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا۔
اجتماع میں شریک افراد نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور بدامنی کے ذمہ دار عناصر سے اپنی نفرت اور بیزاری کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رہبر معظم سے وفاداری اور اطاعت کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ ’’ھیھات منا الذلہ‘ اور ’’لبیک یا حسین‘‘ جیسے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔
شرکا نے واضح کیا کہ عوامی اصلاحی مطالبات اور قانونی احتجاج کو بدامنی اور فساد سے الگ سمجھا جانا چاہیے، اور کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عوام کے جائز مطالبات کی آڑ میں ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائے۔
یہ اجتماع نماز مغرب اور عشاء کے فوراً بعد دو مختلف راستوں سے شروع ہونے والی ریلیوں کے بعد منعقد ہوا۔ ایک ریلی امام زادہ موسیٰ مبرقع علیہ السلام سے جبکہ دوسری مسجد طفلان مسلم علیہم السلام سے روانہ ہو کر حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا پہنچی، جہاں تمام شرکا نے یکجا ہو کر انقلاب اسلامی، بانی انقلاب، رہبر معظم اور شہدا سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعلان کیا۔
قم کے انقلابی عوام نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی سلامتی، دینی اقدار اور انقلابی اصولوں کے دفاع میں ہمیشہ میدان میں رہیں گے اور کسی بھی قسم کی بدامنی یا بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔









آپ کا تبصرہ