حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوماللہ ۱۳ آبان کی مناسبت سے ایران بھر میں عظیم الشان ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام نے غیر معمولی جوش و جذبہ کے ساتھ شرکت کی۔ دارالحکومت تہران میں مرکزی اجتماع منعقد ہوا جہاں طلبہ، اساتذہ، علما، طلاب اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے ایک بار پھر استکبارِ عالمی کے خلاف اپنی بیداری اور وحدت کا مظاہرہ کیا۔
اسی طرح خرم آباد، بندر عباس، ساوہ، کوہبنان، سندرک، میناب، بوشہر، اور یاسوج سمیت ایران کے دیگر شہروں میں بھی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ ریلیوں میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے: "امریکہ مردہ اباد"، "اسرائیل مردہ باد"، "نہ سمجھوتہ، نہ تسلیم، امریکہ سے جنگ جاری رہے گی"، اور "ایٹمی توانائی ہمارا مسلم حق ہے"۔
شرکاء نے اپنے نعروں کے ذریعے انقلاب اسلامی کے اصولوں اور امام خمینیؒ و رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی ہدایات پر مکمل عمل پیرا رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ریلیوں کے دوران مختلف انقلابی ترانے پیش کیے گئے جنہوں نے فضا کو جوش و ولولے سے بھر دیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ ملت ایران آج بھی استقلال، آزادی اور مزاحمت کے راستے پر گامزن ہے اور کسی بھی قیمت پر ظلم و استکبار کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔
واضح رہے کہ یہ دن ملت ایران کی جانب سے استکبار کے خلاف قیام، بیداری اور آزادی کے عہد کی علامت کے طور پر ہر سال جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ