حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پورے ایران میں انقلاب اسلامی کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر یوم اللہ 22 بہمن کی مناسبت سے شاندار اور تاریخی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام کی غیر معمولی شرکت نے ایک بار پھر دنیا کو ایرانی قوم کی طاقت، اتحاد اور انقلابی وابستگی کا عملی ثبوت فراہم کیا۔
آج 22 بہمن 1404 ھ ش کو ایران بھر میں منائے جانے والے اس قومی دن پر کروڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور انقلاب اسلامی، خون شہداء اور رہبر معظم انقلاب حضرت امام خامنہ ای سے اپنی غیر متزلزل وفاداری کا اظہار کیا۔ یہ دن اس تاریخی لمحے کی یاد دلاتا ہے جب 1979 میں ایرانی عوام نے امام خمینیؒ کی قیادت میں طاغوتی نظام کا خاتمہ کیا۔
اس سال کی ریلی کو خاص اہمیت حاصل رہی، کیونکہ ملک ایران نے حالیہ مہینوں میں بیرونی دباؤ، دشمنانہ سازشوں اور فتنہ انگیزی کا سامنا کیا۔ اس کے باوجود عوام نے بھرپور انداز میں شرکت کر کے واضح پیغام دیا کہ وہ کسی بھی دباؤ کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں۔
قم، جو انقلاب اسلامی کا مرکز اور عالم اسلام کا اہم شہر ہے، اس دن عوامی اجتماع کا مرکز بن گیا۔ مرد و زن، بزرگ و نوجوان، مختلف قومیتوں اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے قومی پرچم، امام خمینیؒ اور امام خامنہ ای کی تصاویر اور شہداء کی تصاویر اٹھا کر ریلی میں شرکت کی۔
ریلی کے دوران “مرگ بر امریکہ”، “مرگ بر اسرائیل”، “ہم سب خامنہ ای کے سپاہی ہیں” اور “ہمارے رگوں میں بہنے والا خون رہبر پر قربان” جیسے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ یہ نعرے عوام کے جذبۂ استقامت اور دشمنوں کے خلاف مضبوط موقف کی عکاسی کرتے رہے۔
ملک بھر کے 1400 سے زائد شہروں، قصبوں اور ہزاروں دیہاتوں میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ ریلیاں نکالی گئیں۔ معاشی مشکلات، پابندیوں اور بیرونی دھمکیوں کے باوجود عوام کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ انقلاب اسلامی آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔
ریلی کے موقع پر آیت اللہ مہدی شب زندہ دار نے عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم تمام مشکلات کے باوجود اسلام، انقلاب اور رہبر معظم کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمنوں کو کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
شرکاء نے “ای میہن خدائی” جیسے ملی ترانوں کی اجتماعی تلاوت کے ذریعے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی اجتماع میں مقررین نے اس عوامی حاضری کو دشمنوں کے لیے واضح پیغام قرار دیا کہ ایرانی قوم آخری دم تک انقلاب اور نظام کا دفاع کرتی رہے گی۔
یوم اللہ 22 بہمن کی یہ عظیم الشان ریلی اس بات کا عملی ثبوت بنی کہ ایرانی عوام آج بھی اپنے انقلابی نظریات پر ثابت قدم ہیں اور ہر سازش کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔









آپ کا تبصرہ