حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلجیم کے شہر گینٹ کی بلدیہ نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر پہلی مرتبہ شہر کے دو معروف تجارتی مراکز کو قمقموں سے سجا دیا جائے گا ۔ بلجیم کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ رمضان کی مناسبت سے اس نوعیت کا اہتمام قومی سطح پر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شہر کے دو گھنی آبادی والے علاقوں میں چراغاں کیا جائے گا جو کاروباری سرگرمیوں اور مسلمان تاجروں کی نمایاں موجودگی کے باعث معروف ہیں۔ ان علاقوں میں بڑی تعداد میں دکانیں قائم ہیں جن کے مالکان میں مسلمان برادری کا قابلِ ذکر حصہ شامل ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ فلاندر نیوز کی رپورٹ کے مطابق تقریباً سو مقامی خوردہ فروشوں نے اس منصوبے کی تائید کی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف رمضان المبارک کی روحانی فضا نمایاں ہوگی بلکہ باہمی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔
اس ثقافتی و مذہبی منصوبے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ قدم اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ ماہِ رمضان بلجیم میں مقیم بہت سے شہریوں کے لیے نہایت اہم مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کے بقول اس طرح کے اقدامات معاشرتی یکجہتی اور باہمی احترام کو مضبوط بناتے ہیں۔
ایک مسلمان تاجر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی برسوں سے اس خواہش کا اظہار کر رہے تھے اور ہمیں مسرت ہے کہ اب یہ مطالبہ پورا ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس چراغاں سے مختلف طبقات کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔









آپ کا تبصرہ