حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنو/ شاہی آصفی مسجد میں 13 فروری 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
خطبہ شعبانیہ کے فقرات "اے لوگو خدا کا برکت ، رحمت اور مغفرت سے بھرپور مہینہ آرہا ہے ، یہ ایک ایسا مہینہ ہے جو تمام مہینوں سے بہتر ہے اس کے دن تمام دنوں سے بہتر اور اس کی راتیں تمام راتوں سے بہتر ہیں اس کے ساعات ولحظات تمام ساعات ولحظات سے افضل ہیں۔ یہ ایک ایسا مہینہ ہے جس میں تمہیں اللہ کے یہاں دعوت دی گئی ہے" کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: اللہ کا دسترخوان بچھا ہوا ہے، کوئی بھی آئے۔ ڈاکٹر، انجینیئر، پروفیسر، عام آدمی کوئی بھی ہے اس کے لئے یہ نعمتوں والا دسترخوان حاضر ہے۔
خطبہ شعبانیہ کے فقرہ "اس مہینے میں اللہ تمہیں ایسا بنانا چاہتا ہے کہ تم سے کرامات صادر ہوں۔" کے ذیل میں کرامت کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: جو بھی اس ماہ میں اللہ کا مہمان بنے گا وہ صاحب کرامت بنے گا۔
روایت "امیر المومنین علیہ السلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوچھا کہ اس ماہ رمضان کا سب سے افضل عمل کیا ہے؟ حضور نے فرمایا: حرام سے بچنا۔" بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: ماہ رمضان میں حرام کاموں سے بچنا سب سے افضل عمل ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے اسلام آباد پاکستان کی مسجد خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیہا میں ہوئے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فرمایا: ہم حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، البتہ پاکستان حکومت سے کیا مطالبہ کیا جائے کہ وہ خود امریکہ کی گود میں بیٹھی ہوئی ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: البتہ ہمیں ایسے معاملات میں خاموش نہیں رہنا چاہیے کم از کم اس کی مذمت اور ایسے لوگوں سے اظہار بیزاری ضروری ہے۔









آپ کا تبصرہ