بدھ 11 مارچ 2026 - 11:48
فارس کے اہلِ سنت علما، ائمہ جمعہ و جماعت، مدرسین اور طلبہ کی رہبرِ انقلاب کے ساتھ بیعت کا اعلان

حوزہ / صوبہ فارس کے اہلِ سنت علما، ائمہ جمعہ و جماعت، مدرسین اور طلبہ نے اپنے ایک مشترکہ بیانیہ میں نئے رہبرِ انقلاب کے ساتھ بیعت اور بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ فارس کے اہلِ سنت علما، ائمہ جمعہ و جماعت، اساتذہ اور طلبہ نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کے تیسرے رہبر آیت‌ الله سید مجتبی حسینی خامنه‌ای کے ساتھ بیعت اور مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان کے اس بیانیہ کا متن درج ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

«مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَی نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ یَنْتَظِرُ...»

ترجمہ: “مومنوں میں ایسے مرد ہیں جنہوں نے اللہ سے کیے ہوئے اپنے عہد کو سچ کر دکھایا؛ ان میں سے بعض اپنا وعدہ پورا کر کے شہادت پا چکے ہیں اور بعض اس کے منتظر ہیں…”

ایران کی بہادر اور سوگوار قوم!

ان دنوں جب شہادت کی خوشبو ہمارے وطن کی فضا میں پھیلی ہوئی ہے اور ہمارے دل اپنے عزیز رہنما اور ثابت قدم مجاہد حضرت آیت اللہ خامنہ‌ای (رحمۃ اللہ علیہ) کی دردناک شہادت کے غم میں ڈوبے ہوئے ہیں، اسی وقت ہمارے ذلیل اور کینہ پرور دشمنوں نے باطل خیال اور خام گمان کے ساتھ ایران کی مقدس سرزمین کے خلاف ایک مسلط اور ہمہ گیر جنگ شروع کر دی ہے۔

ہم، صوبہ فارس کے اہلِ سنت علما، ملتِ ایران اور امتِ اسلام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے اس نازک تاریخی مرحلے پر اپنے واضح مؤقف کا اعلان کرتے ہیں:

1. شہید رہبر کے خون سے تجدیدِ عہد

اس حکیم رہنما کی شہادت ان کی مسلسل جدوجہد کا اجر ہے۔ دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی شہادت سے ہمارے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی بلکہ ان کا پاک خون شیعہ اور سنی دونوں کے رگ و پے میں نئی روح پیدا کرے گا اور ہمیں نظام کے اہداف کے دفاع اور اس سرزمین کی حفاظت کے لیے پہلے سے زیادہ متحد بنا دے گا۔

2. مسلح افواج کو خراجِ تحسین

ہم اپنی طاقتور فوج، بہادر سپاہ پاسداران اور جانثار پولیس کے دلیر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو دشمن کے مقابلے میں صفِ اول میں کھڑے ہو کر اپنی جانیں قوم کے لیے ڈھال بنائے ہوئے ہیں۔ ہم ان غیرت مند سرحدی محافظوں کے ہاتھ چومتے ہیں جنہوں نے اپنی ثابت قدمی سے دشمن کی کھوکھلی طاقت کو اس مسلط جنگ میں توڑ دیا ہے۔ آخری فتح یقیناً آپ ہی کی ہوگی کیونکہ آپ “جند اللہ” کے مصداق ہیں۔

3. اتحاد اور جہاد کی دعوت

صوبہ فارس، جو بھائی چارے اور بہادری کی سرزمین ہے، ایک بار پھر استکبار کے مقابلے میں وحدت کا علمبردار ہے۔ ہم اہلِ سنت علما اپنے شیعہ بھائیوں کے ساتھ مل کر دشمن کے ایران کے بنیادی ڈھانچے اور سرحدوں پر وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ ہمارے بیٹے مسلح افواج کے ساتھ جہاد اور قربانی کے لیے تیار ہیں۔

4. دشمنوں کے نام پیغام

دشمن جان لے کہ ایران شہادت کے متوالوں کی سرزمین ہے۔ جو جنگ تم نے شروع کی ہے وہ تمہاری آرزوؤں کی قبر ثابت ہوگی۔ ہم آخری فرد اور آخری سانس تک اس مقدس سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے اور ایرانِ اسلامی کی عزت و استقلال کو کوئی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔

“نصر من اللہ و فتح قریب”

صوبہ فارس کے اہلِ سنت علما، ائمہ جمعہ و جماعت، مدرسین اور طلبہ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha