منگل 19 مئی 2026 - 14:39
حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ازدواجی زندگی مسلمانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے: مولانا عسکری امام خان

حوزہ/ پونہ، مہاراشٹرا میں تبلیغِ دین میں مصروف حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا عسکری امام خان نے کہا ہے کہ حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ازدواجی زندگی سادگی، محبت، تعاون اور باہمی احترام کا ایسا مثالی نمونہ ہے جو آج کے دور میں بھی مسلمانوں خصوصاً نوجوان نسل کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پونہ، مہاراشٹرا میں تبلیغِ دین میں مصروف حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا عسکری امام خان نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہؑ کا نکاح خداوندِ عالم کے خاص حکم سے انجام پایا تھا۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے واضح فرمایا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت علیؑ کو حضرت فاطمہؑ کا ہمسر منتخب کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعدد صحابہ نے حضرت فاطمہؑ کے لیے پیغامِ ازدواج بھیجا تھا، لیکن رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تمام تجاویز کو یہ کہہ کر مؤخر کر دیا کہ وہ اللہ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ بعد ازاں یکم ذی الحجہ 2 ہجری کو حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہؑ کا عقد انجام پایا۔

مولانا عسکری امام خان نے کہا کہ اس مبارک شادی کی ایک نمایاں خصوصیت سادگی تھی۔ حضرت علیؑ نے اپنی زرہ فروخت کرکے اسی رقم سے انتہائی سادہ جہیز تیار کیا گیا، جس میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی نہایت سادگی کے ساتھ ولیمے کا اہتمام فرمایا، جسے تمام مسلمانوں کو اپنے لئے نمونہ بنانا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہؑ کی مشترکہ زندگی باہمی تعاون اور ذمہ داریوں کی بہترین مثال تھی۔ گھر کے اندر کے امور حضرت فاطمہؑ انجام دیتی تھیں، جبکہ بیرونی ذمہ داریاں حضرت علیؑ سنبھالتے تھے۔ اس تقسیمِ کار سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسلامی تعلیمات میں میاں بیوی کے درمیان تعاون اور احترام کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

مولانا نے کہا: حضرت علیؑ نے فرمایا: “خدا کی قسم! میں نے کبھی فاطمہؑ کو ناراض نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے کبھی مجھے ناراض کیا۔ جب بھی میں ان کی طرف دیکھتا تھا تو میرے تمام غم دور ہو جاتے تھے۔”

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب خاندانی نظام مختلف چیلنجز سے دوچار ہے، حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہؑ کی زندگی نوجوان نسل کے لیے بہترین عملی نمونہ پیش کرتی ہے، جس میں سادگی، قناعت، محبت، صبر اور ایثار جیسی اعلیٰ اقدار نمایاں ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha