منگل 23 جون 2026 - 17:44
انجمن متولیان ڈی آئی خان کا ہنگامی اجلاس / معاہدات پر عملدرآمد اور تھلہ نمبر 19 کے لائسنس کی بحالی کا مطالبہ

حوزہ / ڈیرہ اسماعیل خان میں انجمن متولیان کا ہنگامی اجلاس صدر انجمن متولیان سید تنویر حسین رضوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان میں انجمن متولیان کا ہنگامی اجلاس صدر انجمن متولیان سید تنویر حسین رضوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں جنرل سیکرٹری مجتبیٰ شاہ، شیعہ عمائدین اور مختلف تھلہ جات کے متولیان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامی امور، معاہدات پر عملدرآمد اور تھلہ نمبر 19 حیدر شاہ کے متولی لائسنس سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

سید تنویر حسین رضوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: محرم الحرام سے قبل اور اب تک بعض غیر قانونی جلوسوں کا انعقاد معاہدات کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ معاہدات کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے 8 محرم الحرام کے حوالے سے جاری کیے گئے ایک اشتہار پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور تمام سرگرمیوں کو طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق منظم کرے۔

صدر انجمن متولیان نے تھلہ نمبر 19 حیدر شاہ کے متولی لائسنس کے معاملے کو بھی اجلاس کا اہم موضوع قرار دیتے ہوئے کہا: مذکورہ لائسنس ایک صدی سے زائد عرصے سے متولیان کے پاس پشت در پشت چلا آرہا ہے، تاہم اسے غیر متعلقہ فریق کے نام جاری کرنا ناانصافی اور قانونی تقاضوں کے منافی اقدام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھلہ حیدر شاہ کے متولی لائسنس کو فوری طور پر سابقہ حیثیت میں بحال کیا جائے اور متولیان کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انجمن متولیان ڈی آئی خان کا ہنگامی اجلاس / معاہدات پر عملدرآمد اور تھلہ نمبر 19 کے لائسنس کی بحالی کا مطالبہ

اجلاس میں شریک متولیان اور شیعہ عمائدین نے سید تنویر حسین رضوی کے مؤقف اور مطالبات کی مکمل تائید کرتے ہوئے اس معاملے پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر تھلہ نمبر 19 کے متولی شاہ حسین نے اجلاس کو بتایا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں، تاہم اپنے لائسنس اور قانونی حقوق میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو قبول نہیں کریں گے۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے مطالبہ کیا کہ معاہدات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں اور متولیان کے جائز حقوق کا تحفظ کیا جائے تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے۔

شرکاء نے سوشل میڈیا پر اہل بیت علیہم السلام کی توہین پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انجمن متولیان ڈی آئی خان کا ہنگامی اجلاس / معاہدات پر عملدرآمد اور تھلہ نمبر 19 کے لائسنس کی بحالی کا مطالبہ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha