حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے رہبر شہید حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے 26 ستمبر 1986ء کے خطبۂ جمعہ سے اقتباسات شائع کیے گئے ہیں، جن میں آپ نے امام سجاد علیہ السلام کی سیرت کو ایک مسلسل سیاسی، فکری اور تہذیبی جدوجہد کے عنوان سے بیان کیا ہے۔
رہبر شہید (رہ) نے کہا: امام سجاد علیہ السلام کی تقریباً 35 سالہ امامت صرف عبادت اور دعا تک محدود نہیں تھی بلکہ آپ علیہ السلام نے پوری مدتِ امامت میں نہایت حکمت، بصیرت اور تدبر کے ساتھ حکومت بنی امیہ کے خلاف مسلسل اور ہمہ جہت جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے کہا: امام سجاد علیہ السلام کی جدوجہد تین بنیادی محوروں پر استوار تھی جن میں امامت کے حقیقی تصور کی وضاحت، اسلامی عقائد و معارف کی اصلاح اور شیعوں کی فکری و تنظیمی تربیت شامل تھی۔
رہبر شہید (رہ) نے کہا: اموی حکومت نے امامت کے حقیقی مفہوم کو مسخ کر دیا تھا، اس لیے امام سجاد علیہ السلام نے تقیہ اور حکمت کے ساتھ اسلامی معاشرے میں امامت کی صحیح فکر کو فروغ دیا۔ یہ ایک نہایت اہم سیاسی اقدام تھا کیونکہ اس سے بنی امیہ کی حکومت کی بنیادیں متزلزل ہو رہی تھیں۔
انہوں نے کہا: بنی امیہ نے جعلی احادیث، غلط فتاویٰ اور درباری علماء کے ذریعے اسلامی تعلیمات میں تحریفات پیدا کر دی تھیں۔ ایسے حالات میں امام سجاد علیہ السلام نے دعا کو اسلامی تعلیمات اور حقیقی معارف کی ترویج کا ذریعہ بنایا۔ صحیفہ سجادیہ اسلامی تعلیمات کا ایسا عظیم سرمایہ ہے جو نہج البلاغہ کی طرح دین کی حقیقی روح کی ترجمانی کرتا ہے۔
رہبر شہید نے کہا: امام سجاد علیہ السلام نے اپنے باوفا اصحاب اور شیعوں کی فکری و تنظیمی تربیت پر خصوصی توجہ دی۔ آپ نے مختلف علاقوں میں اپنے شاگردوں اور نمائندوں کے ذریعے اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عام کیا، یہاں تک کہ آپ کی شہادت کے وقت اسلامی دنیا میں اہل بیت علیہم السلام کی امامت کا نظریہ وسیع پیمانے پر متعارف ہو چکا تھا۔
انہوں نے کہا: امام سجاد علیہ السلام کی شخصیت کو صرف دعا اور گریہ تک محدود کرنا حقیقت کے خلاف ہے۔ آپ کی حقیقی شخصیت ایک دلیر، ناقابلِ مصالحت، مسلسل جدوجہد کرنے والے مجاہد کی تھی جو مکمل بصیرت کے ساتھ اپنے اہداف کی طرف بڑھتے رہے، خود کبھی نہیں تھکے بلکہ دشمن کو تھکا دیا، یہاں تک کہ حکومت بنی امیہ نے آپ کو زہر دے کر شہید کر دیا۔
رہبر شہید نے کہا: انقلاب اسلامی درحقیقت امام سجاد علیہ السلام کی مبارزاتی راہ کا تسلسل ہے۔ اسلامی اقدار کا احیاء، قرآن کی حاکمیت اور ولایت و امامت کے حقیقی تصور کا نفاذ وہی مقصد ہے جس کے لیے امام سجاد علیہ السلام اور دیگر ائمہ علیہم السلام نے مسلسل جدوجہد کی۔ اسلامی جمہوریہ کا قیام نہ صرف امت مسلمہ کے لیے امید کا پیغام ہے بلکہ ائمہ اہل بیت علیہم السلام بالخصوص امام سجاد علیہ السلام کی تاریخی آرزوؤں کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیش رفت بھی ہے۔









آپ کا تبصرہ