حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ژوب شاہرانی شاہراہ پر پیش آنے والے المناک بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اس حادثے میں درجنوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
قائد ملت جعفریہ نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اور سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی اور حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: حکام جاں بحق مسافروں کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں تاکہ سوگوار خاندانوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے داناسر میں ایک مسافر بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی جس میں پیچھے خراب ہوئی بس کے مسافر بھی سوار تھے اور بریک فیل ہونے کے باعث یہ المناک حادثہ ہیش آیا۔









آپ کا تبصرہ