حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں واقع عظیم دینی و تعلیمی اداروں جامعۃ الرشید اور الغزالی یونیورسٹی میں اتحادِ امت کا ایک قابلِ تحسین مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ جہاں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام نے ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر باجماعت نماز ادا کی۔
اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے ممتاز علماء کرام شریک ہوئے اور امت مسلمہ کے اتحاد، اخوت اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق، نیشنل پیغامِ امن کمیٹی اور بالخصوص جامعۃ الرشید کے مہتمم حضرت علامہ مفتی عبدالرحیم کی جانب سے اس اقدام کو دینی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔ مقررین نے اس عمل کو امت مسلمہ کے اتحاد، قومی یکجہتی اور ملکی استحکام کی جانب ایک امید افزا اور اہم پیش رفت قرار دیا۔
علماء کرام نے کہا: امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے لیے اٹھایا جانے والا ہر قدم رضائے الٰہی کا سبب ہے جبکہ مسلمانوں کے درمیان اختلاف، انتشار اور افتراق پیدا کرنا اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا موجب بنتا ہے۔
انہوں نے تمام دینی، سماجی اور قومی حلقوں سے اپیل کی کہ اتحادِ امت کے اس مبارک عمل کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون اور اخلاص کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔
علماء کرام نے اپنے خطابات میں قرآن کریم کی اس ہدایت کی بھی یاددہانی کرائی: "وَلَا تَنَازَعُوا فَتَفْشَلُوا وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ"، یعنی آپس میں نزاع نہ کرو، ورنہ تم کمزور پڑ جاؤ گے اور تمہاری طاقت جاتی رہے گی۔









آپ کا تبصرہ