ہفتہ 25 جولائی 2026 - 11:02
رہبر شہید نے حق، انصاف اور انسانیت کے لیے استقامت کا عملی نمونہ پیش کیا

حوزہ / سید غیور الحسن رضوی نے کہا: رہبر شہید ایک بے مثال شخصیت تھے جنہوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ حق اور سچائی پر ثابت قدم رہنا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حکومت ہند کے نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز کے سابق چیئرمین سید غیور الحسن رضوی نے رہبر شہید کی تشییع جنازہ اور دیگر مراسم میں شرکت کے بعد حوزہ نیوز کے نمائندہ سے گفتگو میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: رہبر شہید کی تشییع جنازہ میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت ان کے لیے ایک یادگار تجربہ تھا۔ اس عظیم اجتماع میں دنیا بھر سے لوگ شریک ہوئے جبکہ ایران کے کونے کونے سے عوام، حتیٰ کہ بچے بھی بڑی تعداد میں ان مراسم میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا: ایرانی عوام نے مہمانوں کے ساتھ جس خلوص، محبت اور احترام کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ ستائش ہے۔ اتنے بڑے اجتماع کے باوجود تمام انتظامات انتہائی منظم انداز میں انجام دیے گئے اور ہر مہمان کی سہولت، رہائش، کھانے پینے اور دیگر ضروریات کا بھرپور خیال رکھا گیا۔

سید غیور الحسن رضوی نے کہا: ہم ایرانی عوام اور ان تمام رضاکاروں کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے شب و روز محنت کرکے مہمانوں کی خدمت کی۔ ان کی میزبانی اور حسنِ سلوک ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

رہبر شہید نے حق، انصاف اور انسانیت کے لیے استقامت کا عملی نمونہ پیش کیا

انہوں نے مزید کہا: ہندوستان واپس جا کر میں اپنے ملک کے عوام کو ضرور بتاؤں گا کہ ایرانی عوام نے مہمانوں کی کس قدر عزت، محبت اور اخلاص کے ساتھ میزبانی کی اور ان کے ساتھ بہترین برتاؤ کیا۔

انہوں نے رہبر شہید کی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: وہ ایک بے مثال شخصیت تھے جنہوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ حق اور سچائی پر ثابت قدم رہنا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔

انہوں نے کہا: رہبر شہید نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ انصاف، انسانیت اور حق کے دفاع کے لیے اگر عزم و استقامت کے ساتھ جدوجہد کی جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شہادت کے بعد دنیا بھر سے لوگ ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ایران پہنچے اور انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha