حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ امتِ واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی نے رہبر شہید کی تشییع اور نماز جنازہ کے سلسلہ میں اپنے حالیہ ایران کے دورہ کے دوران حوزہ نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا: تہران، قم اور دیگر شہروں میں منعقد ہونے والے عظیم عوامی اجتماعات نے واضح کر دیا کہ ایرانی عوام انقلاب اسلامی، ولایتِ فقیہ اور اپنے رہبرِ شہید سے عشق و محبت کے رشتے میں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔ مرد، خواتین، نوجوان، بزرگ اور بچے سب نے یک زبان ہو کر انقلاب اسلامی سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا: گزشتہ 47 برس سے عالمی ذرائع ابلاغ مسلسل یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے تھے کہ ایرانی عوام انقلاب اسلامی اور نظام سے دور ہو چکے ہیں لیکن رہبرِ شہید کی شہادت کے بعد عوام کے بے مثال اجتماع نے ان تمام پروپیگنڈوں کو دفن کر دیا اور ثابت کر دیا کہ ایرانی قوم اپنی آخری سانس تک انقلاب اسلامی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
علامہ محمد امین شہیدی نے کہا: ایران کے عوام سخت معاشی اور سیاسی دباؤ کے باوجود انقلاب اسلامی کے اصولوں اور اقدار سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔ ان کی استقامت، قربانی اور نظریاتی وابستگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ ہر قیمت پر اپنے انقلاب اور اسلامی نظام کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا: پاکستان کے عوام بھی ولایتِ فقیہ، انقلاب اسلامی اور اس کے اعلیٰ اسلامی و انسانی اہداف کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں۔ اگر ولیِ امر کی جانب سے کوئی حکم صادر ہو تو پاکستان کے نوجوان، بزرگ اور بچے ہر قسم کی قربانی کے لیے آمادہ ہیں۔ حالیہ دنوں میں پاکستان بھر میں انقلاب اسلامی کی حمایت میں ہونے والے بھرپور عوامی اظہار نے اس حقیقت کو عملی طور پر ثابت کر دیا ہے۔

سربراہ امتِ واحدہ پاکستان نے کہا: رہبرِ شہید نے اپنی پوری زندگی امتِ مسلمہ کی عزت، استقلال، وحدت اور سربلندی کے لیے وقف کر دی اور اسی راستے میں اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی قربانیاں پیش کیں۔ یہ انبیائے کرام، اولیائے الٰہی اور قرآن کریم کا راستہ ہے، اور دنیا و آخرت کی کامیابی بھی اسی میں مضمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا: رہبرِ شہید کا پاکیزہ خون امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، عزت، وقار اور استقامت کا پیغام بن چکا ہے۔ امتِ مسلمہ اگر اسی راستے پر قائم رہی تو استکبار، استعمار اور نفاق کی تمام قوتوں کو شکست دے گی اور ولایت و نظامِ اسلامی کے پرچم تلے متحد رہے گی۔
علامہ محمد امین شہیدی نے اپنے انٹرویو کے اختتام پر کہا: ہمیں یقین ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب امام زمانہ علیہ السلام کا ظہور ہوگا اور انقلاب اسلامی کا یہ پرچم آپ علیہ السلام کے سپرد کیا جائے گا۔ اس وقت پوری امتِ مسلمہ ایک پرچم تلے متحد ہو کر حق و عدالت کے قیام اور باطل کے خاتمے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا: قرآن مجید، احادیثِ اہلِ بیت علیہم السلام، امام راحل اور رہبرِ شہید کا یہی مشترکہ پیغام ہے کہ امتِ مسلمہ اتحاد، ولایت اور استقامت کے راستے پر گامزن رہے، کیونکہ اسی میں امت کی عزت، کامیابی اور نجات پوشیدہ ہے۔









آپ کا تبصرہ