حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ شہید (ره) انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ایؒ کی یاد میں قم المقدس میں منعقدہ مجلسِ ترحیم و تجلیل سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین محمد ہادی ہدایت نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی متعدد آیات اور اہل بیت علیہم السلام کی روایات کی روشنی میں شہداء کے خون کی عظمت اور خون خواہی کے مفہوم کو بیان کرتے ہوئے کہا: راہِ خدا میں بہایا جانے والا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا بلکہ یہی خون ملتوں کی حیات اور عزت کا ضامن بنتا ہے۔
حجت الاسلام محمد ہادی ہدایت نے زیارتِ عاشورا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: امام حسین علیہ السلام کے خون کی خون خواہی کا پیغام ہر دور کے اہلِ ایمان کے لیے زندہ درس ہے اور اسی فکر نے ہمیشہ ظلم و استکبار کے مقابلے میں مقاومت کو تقویت بخشی ہے۔

انہوں نے مجاہد اسلام نواب صفوی کی مجاہدت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تاریخِ انقلاب اسلامی میں مخلص اور باایمان مجاہدین نے اپنے خون سے حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچی، جس کے ثمرات آج بھی امت اسلامی کو حاصل ہو رہے ہیں۔
خطیب محترم نے رہبرِ شہید (ره) کی نمایاں صفات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: وہ استوار اور محکم ارادوں کے مالک، مسلسل میدانِ عمل میں سرگرم رہنے والے، علم و معرفت کے فروغ کے علمبردار، علماء کے حامی اور شہداء و ایتام کے ساتھ خصوصی شفقت اور وابستگی رکھنے والی عظیم شخصیت تھے، جن کی پوری زندگی اسلام، انقلاب اسلامی اور امت مسلمہ کی خدمت سے عبارت تھی۔

انہوں نے کہا: رہبرِ شہید (ره) کی سیرت نوجوان نسل کے لیے بہترین نمونہ ہے اور امت مسلمہ کو چاہیے کہ ان کے افکار، بصیرت، استقامت اور جہادی روح کو اپنا شعار بنائے۔
قابل ذکر ہے کہ اس مجلسِ ترحیم و تجلیل میں قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی سمیت علماء، فضلاء، طلاب اور مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شرکاء نے رہبرِ شہید (ره) کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن پر ثابت قدم رہنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔










آپ کا تبصرہ