حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے رہبرِ شہید آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ایؒ کی تاریخی تشییع جنازہ پر ایرانی اور عراقی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبرِ شہید اور امامِ راحلؒ کی عظیم امانت کی حفاظت کا واحد راستہ صاحب بصیرت اور باشعور و مدبر رہبر کی پیروی ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ایؒ کی تشییع اور تدفین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اور عراق میں لاکھوں افراد کی شرکت سے منعقد ہونے والی یہ عظیم تشییع امتِ اسلامی کی عزت، طاقت اور اپنے رہبر سے بے مثال محبت کا واضح اظہار تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی منظر نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ایرانی قوم اسلام اور انقلاب کے اعلیٰ مقاصد پر ثابت قدم ہے، جبکہ دشمنوں کو مایوسی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے ملتِ ایران کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم ہر اہم موقع پر اسلامی اقدار اور انقلاب کے اہداف کے دفاع میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہی ہے۔ ان کے مطابق امریکہ کے صدر کی حالیہ دھمکیاں بھی دراصل ایران کی مضبوط عوامی قوت سے خوف اور بے بسی کی علامت ہیں۔
آیت اللہ مظاہری نے کہا کہ رہبرِ شہید نے پوری زندگی اخلاص کے ساتھ اسلام اور ملت کی خدمت کی، یہاں تک کہ ظلم و جارحیت کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رہبرِ شہید اور ان کے اہلِ خانہ کے مقدس اجساد جوارِ امام رضاؑ میں سپردِ خاک ہوئے اور وہ انقلاب اسلامی کی عظیم امانت ملت کے سپرد کر گئے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج ہماری سب سے بڑی ذمہ داری اسی امانت کی حفاظت ہے، اور اس کا بنیادی راز ملت کی بصیرت، اتحاد، ولایتِ فقیہ پر اعتماد اور انقلاب کے باشعور و مدبر رہبر کی پیروی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عوامی اجتماعات اور رہبرِ شہید کی تاریخی تشییع میں یہی وحدت اور بیداری پوری دنیا کے سامنے نمایاں ہوئی۔
آخر میں آیت اللہ مظاہری نے ملتِ ایران کی استقامت کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید عزت و سربلندی عطا فرمائے، شہداء کے خون کا انتقام لے، دشمنانِ اسلام کو ناکام کرے اور ملک کے ذمہ داران کو عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کی توفیق عطا فرمائے۔









آپ کا تبصرہ