منگل 14 جولائی 2026 - 12:51
رہبر شہید سید علی خامنہ ایؒ کی تشییع میں عراقی عوام نے مثالی کردار ادا کیا: آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم

حوزہ/ بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے عراق میں رہبر شہید سید علی خامنہ ایؒ کی شاندار اور تاریخی تشییع جنازہ پر عراقی عوام، بالخصوص مرجعیت نجف اشرف اور شہید صدرؒ کے پیروکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اسلام، امت اور دینی قیادت سے وفاداری کی لازوال مثال قائم کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے اپنے ایک پیغام میں رہبر شہید سید علی خامنہ ایؒ کے جنازے کا عراق میں ہونے والا شاندار استقبال اور تاریخی تشییع پر عراقی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم اجتماع نے پوری دنیا کے سامنے ولایت، ایثار، دینی بصیرت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کا عملی نمونہ پیش کیا۔

انہوں نے نجف اشرف کے مراجع، شہید صدرؒ کے پیروکاروں اور اہلِ عراق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے رہبر شہید کی تشییع میں بھرپور شرکت کرکے اسلام، امت کے حال و مستقبل اور اپنی دینی و اخروی ذمہ داری کا حق ادا کیا ہے۔

آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے کہا کہ یہ لاکھوں افراد پر مشتمل تاریخی اجتماع اللہ تعالیٰ، دینِ اسلام، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہل بیت علیہم السلام اور ان کے جانشین فقہاء و مراجع سے حقیقی وابستگی کا مظہر تھا۔ ان کے بقول، یہ اجتماع اس بات کا اعلان بھی تھا کہ امتِ مسلمہ ظلم و استکبار کے خلاف اپنے موقف پر ثابت قدم ہے اور کمزور و مظلوم اقوام کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس استقبال نے واضح کیا کہ معاشرے کی کامیابی اور استحکام صالح، باصلاحیت، متقی اور باکردار قیادت کے انتخاب سے وابستہ ہے، اور یہی وہ اصول ہے جس کی تعلیم اسلام دیتا ہے۔

بحرینی رہنما نے کہا کہ امامِ شہید کی تشییع نے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن پیغام چھوڑا ہے کہ امت اپنی دینی قیادت سے وفادار رہے گی اور اس راستے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم نے عراقی عوام کا تمام مؤمنین، مستضعفین اور آزادی پسند انسانوں کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ عظیم اقدام پوری امت کے لیے باعثِ افتخار ہے اور اللہ تعالیٰ انہیں اس کا بہترین اجر عطا فرمائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha