حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایران کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رہبر شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ایؒ کی تشییع جنازہ میں عاشورائی جذبے کے ساتھ شرکت کریں اور اپنے محبوب رہبرِ شہید سے وفاداری اور محبت کا عملی اظہار کریں۔
آیت اللہ اعرافی نے اپنے پیغام میں قرآن کریم کی آیت "وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِینَ قُتِلُوا فِی سَبِیلِ اللّٰہِ أَمْوَاتًا..." کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلابِ اسلامی کی شہادت امتِ مسلمہ اور ایران کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے، جس نے اہل ایمان کے دلوں کو غم و اندوہ سے بھر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امامِ شہید نے اپنی پوری زندگی حق و حقیقت، انقلابِ اسلامی کے اہداف اور عوام کی خدمت کے لیے وقف رکھی اور آخری لمحے تک استقامت و مجاہدہ کا راستہ نہیں چھوڑا۔ اب جبکہ ان کے جسدِ خاکی کی تشییع کے حالات فراہم ہو چکے ہیں، عوام کی ذمہ داری ہے کہ اس تاریخی موقع پر بھرپور اور حماسی شرکت کرکے رہبرِ شہید کی عوامی مقبولیت اور ان کے مقام و منزلت کو دنیا کے سامنے آشکار کریں۔
آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ ماہِ محرم اور عزاداریِ سید الشہداء علیہ السلام کے ایام میں عوام کی وسیع شرکت امامِ شہید سے ان کی گہری وابستگی کی علامت ہوگی اور یہ اجتماع ایک عظیم عاشورائی تحریک کی صورت اختیار کرے گا۔
انہوں نے تمام طبقات، مکتبِ امام خمینیؒ و خامنہ ایؒ کے پروردہ افراد اور اس عظیم مصیبت سے رنجیدہ افراد سے اپیل کی کہ وہ تشییع کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کرکے تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کریں۔
تمام حوزوی امکانات بروئے کار لانے کی ہدایت
آیت اللہ اعرافی نے اس سے قبل "ستادِ حوزوی تشییع امامِ شہید" کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ملک اور بیرونِ ملک تمام حوزوی اداروں، مدارس، مراکز اور تبلیغی تنظیموں کو ہدایت دی تھی کہ وہ تشییع اور اس کے بعد چہلم تک جاری پروگراموں کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں اور وسائل وقف کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ رہبر شہید کی تشییع اور اس سے متعلق سرگرمیوں کو دیگر تمام امور پر ترجیح حاصل ہوگی اور حوزہ علمیہ کے تمام شعبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عظیم قومی و دینی فریضے کی انجام دہی میں بھرپور کردار ادا کریں۔









آپ کا تبصرہ