ہفتہ 13 جون 2026 - 15:05
رہبرِ معظم کی تشییع جنازہ اور تدفین سے متعلق شیڈول جاری

حوزہ/ رہبر شہید کی تشییع و تدفین کے انتظامات کے لئے قائم مرکزی کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں الوداعی تقریب، تشییع اور تدفین کے مجوزہ شیڈول کا اعلان جاری کیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر شہید کی تشییع و تدفین کے انتظامات کے لئے قائم مرکزی کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں الوداعی تقریب، تشییع اور تدفین کے مجوزہ شیڈول کا اعلان جاری کیا گیا ہے۔

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

«مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُم مَّن قَضَی نَحْبَهُ وَمِنْهُم مَّن یَنتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِیلًا» (احزاب 23)

مؤمنوں میں کچھ ایسے مرد ہیں جنہوں نے اللہ سے کیا ہوا اپنا عہد سچ کر دکھایا؛ ان میں سے بعض اپنی ذمہ داری پوری کر چکے ہیں اور بعض انتظار میں ہیں، اور انہوں نے اپنے عہد میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔»

عالم تشیع کے عظیم مرجع، انقلابِ اسلامی کے مدبر رہنما اور حق و مقاومت کے علمبردار، امامِ مجاہد شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ‌ای (قدس اللہ نفسہ الزکیہ) کی دردناک شہادت کے بعد عالمِ اسلام ایک ایسی عظیم شخصیت کے فقدان پر سوگوار ہے جس نے اپنی پوری بابرکت زندگی حق کے فروغ، اسلام کے دفاع، عوام کی خدمت اور امتِ اسلامی کی رہنمائی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

اس شہید رہبر نے مضبوط ایمان، خالص مجاہدت، ثابت قدمی اور الٰہی بصیرت کے ساتھ ہمیشہ ایران کی آزادی و خودمختاری اور امتِ اسلامی کی عزت و سربلندی کا پرچم بلند رکھا۔ اس عہدساز شخصیت کا نام اور یاد ایران، عالمِ اسلام اور دنیا بھر کے آزادی پسندوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

رہبر شہید کی یاد میں مختلف شہروں میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور عوام سے ان تقریبات میں بھرپور شرکت کی گزارش ہے۔

رہبر شہید اور ان کے خاندان کے افراد (ڈاکٹر مصباح الہدی باقری کنی، سیدہ بشری حسینی خامنہ ای، زہرا حداد عادل اور زہرا محمدی گلپایگانی) کی نماز جنازہ، تشییع اور تدفین حسب ذیل ہے:

4 اور 5 جولائی 2026ء (19 اور 20 محرم الحرام 1448ھ) کو تہران میں واقع مصلائے امام خمینی میں رہبر معظم کی الوداعی تقریبات منعقد ہوں گی۔

اسی طرح 6 جولائی 2026ء (21 محرم 1448ھ) کو تہران میں تشییع کا پروگرام رکھا گیا ہے، جبکہ 7 جولائی 2026ء (22 محرم 1448ھ) کو شہر قم میں تشییع کی تقریب منعقد ہوگی۔

9 جولائی 2026ء (24 محرم 1448ھ)، جو شبِ شہادت امام زین العابدین علیہ السلام بھی ہے، مشہد مقدس میں تشییع کے بعد تدفین کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

مرکزی کمیٹی نے ایران کے عوام، عالم اسلام اور دنیا بھر کے آزادی پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تقریبات میں شرکت کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان مراسم کے انعقاد میں سرکاری اداروں کے ساتھ عوامی تعاون بنیادی کردار ادا کرے گا، جبکہ تقریبات کی مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha