جمعرات 2 جولائی 2026 - 11:45
ایرانی عوام رہبرِ شہید کی تشییع کے لیے تیار ہیں، یہ جذبہ عاشورا کی میراث ہے: حجت الاسلام والمسلمین مومنی

حوزہ/ حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے کہا ہے کہ قم کے عوام ایک طویل عرصے سے رہبرِ شہید کے جسدِ اطہر کی تشییع کے منتظر ہیں اور رہبرِ شہید کی تشییع کے لیے پورا ایران تیار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے گزشتہ شب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکتبِ اہل بیت علیہم السلام میں عزت کا مطلب یہ ہے کہ انسان باطل طاقتوں کے سامنے ہرگز سر نہ جھکائے، خواہ اس کے لیے جان ہی کیوں نہ قربان کرنا پڑے، جبکہ ذلت کا مطلب ظالم اور استکباری قوتوں کے سامنے ہتھیار ڈال دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ شہید نے فرمایا تھا کہ "ایسا اسلام اور ایس مسلمان جس سے کفار راضی ہوں، وہ درحقیقت اسلام نہیں، کفر ہے۔" انہوں نے واقعۂ کربلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے اسیری کے عالم میں بھی یزید کے سامنے فرمایا: "میں نے اللہ کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔" یہی مظلومیت میں بھی عزت اور استقامت کی بہترین مثال ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین مومنی نے کہا کہ کامیابی اور ناکامی کا معیار اپنے مقصد تک پہنچنا ہے۔ یزید کا مقصد دینِ اسلام اور نامِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مٹانا تھا، لیکن وہ اپنے مقصد میں ناکام رہا، جبکہ امام حسین علیہ السلام کی شہادت نے ہدایت کا چراغ ہمیشہ کے لیے روشن کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ہمیشہ قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کو مٹانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی عظیم قربانی کے ذریعے دین اور ثقلین کا دفاع کیا، اور آج بھی دشمن رہبرِ شہید کی یاد کو مٹانا چاہتا ہے، مگر عوام کی بیداری اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ قم کے عوام ایک سو دن سے زیادہ عرصے سے رہبرِ شہید کے جسدِ اطہر کی تشییع کے منتظر ہیں اور ان کی یہ خواہش پوری ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کے عوام رہبرِ شہید کی تشییع کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور یہ غیرت، وفاداری اور عزت کا جذبہ عاشورا کی لازوال میراث ہے، جسے دشمن کبھی ختم نہیں کر سکتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha