حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی سپریم اسلامی اسمبلی نے نجف اشرف میں شہید سردار قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی پہلی برسی کے موقع پر ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق،اس تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت عراق میں رہبر معظم انقلاب کے نمائندے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی، مرجع تقلید آیت اللہ بشیر نجفی کے نمائندے حجت الاسلام شیخ علی نجفی،امام جمعہ نجف اشرف حجت الاسلام و المسلمین سید صدر الدین قبانچی اور الفتح الائنس کے سربراہ ہادی العامری شریک تھے۔
نمائندہ ولی فقیہ عراق:
شہید سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کا خون ٹرمپ کی ذلت و رسوائی کا باعث بنا
آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا ملت عراق کو سلام پہنچاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان دونوں کمانڈروں کی شہادت پر بہت ہی افسوس ہوا، لیکن خدا نے انہیں عزت اور وقار عطا کیا، ان کی شہادت سے ہمارے دشمن کو شکست ہوئی اور امریکہ مزید ذلیل و رسوا ہو گیا۔آج ہم ہر جگہ ایک انقلابی تحریک اور عوام کی بڑی موجودگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں،دشمن ملک امریکہ میں خانہ جنگی ہے اور اپنا ہی پرچم نذر آتش کرنے کے ساتھ حکومت کے خلاف بڑی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
نمائندہ ولی فقیہ نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ شہید سلیمانی اور المہندس کا خون ٹرمپ کی ذلت و خواری اور امریکہ میں داخلی تنازعہ پیدا ہونے کا سبب بنا ، مزید کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران ملت عراق کے شانہ بشانہ کھڑا ہے تاکہ عراق ایک خودمختار ملک بن جائے۔
نمائندہ آیت اللہ بشیر نجفی:
شہید سلیمانی اور شہید ابو مہدی نے راہ حق کو روشن کردیا
حجت الاسلام شیخ علی نجفی نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ شہیدان سلیمانی اور المہندس نے اپنے عمل اور مؤقف کے ساتھ ، حق کی راہ کو روشن کیا ، مزید کہاکہ ان دونوں شہداء کی کوششیں صرف عراق اور ایران تک ہی محدود نہیں تھیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی شامل تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان دونوں عظیم شہداء اور دیگر شہداء کے ساتھ عہد کرتے ہیں کہ ہم اسلام کا پرچم حضرت صاحب الزمان علیہ السلام تک پہنچائیں گے۔
امام جمعہ نجف اشرف:
ہم بہت جلد آل سعود اور صہیونیوں کی تباہی کا مشاہدہ کریں گے
شہدائے مقاومت کی برسی کی تقریب سے حجت الاسلام و المسلمین سید قبانچی نے خطاب کرتے ہوئےکہ ہم بہت جلد آل سعود اور صہیونیوں کا خاتمہ دیکھیں گے،مزید کہا کہ حالات اور واقعات اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ مغرب تباہی کے دہانے پر ہے اور مغرب نے اپنی جھوٹی اقدار اور تہذیب کو غلط طریقے سے دکھایا ہے اور اس کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ شیعہ طاقت کے مختلف عناصر سے سرشار ایک ملت کا نام ہے اور اس کے خاتمے کا کوئی امکان ہی نہیں ہے ،کہا کہ آج ، اگر مراجع عظام تقلید نہ ہوتے،حشد الشعبی نہ ہوتی تو عراق نہیں ہوتا۔
امام جمعہ نجف اشرف نے آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی اور قبائلی رہنماؤں اور عوام ، حوزہ ہائے علمیہ، اسلامی جمہوریہ ایران ، خاص طور پر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام کے دفاع میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
الفتح الائنس کے سربراہ:
عراق کا استحکام قابضین کی واپسی پر منحصر ہے
الفتح الائنس عراق کے سربراہ ہادی العامری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہید سلیمانی اور المہندس فرقہ واریت پر قابو پانے اور داعش کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ،مزید کہاکہ قابضین کی موجودگی میں ملک کا استحکام برقرار نہیں رہ سکتا اور ملکی استحکام اور ترقی ان غاصبوں کی واپسی پر منحصر ہے۔
انہوں نے پوری تاریخ میں مرجعیت کا ملکی حمایت میں کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام نے شہدائے مقاومت کی برسی میں شرکت کر کے قابضین کی واپسی کا مطالبہ کیا۔
نجف اشرف میں حشد الشعبی کے سربراہ شیخ قاسم الخاقانی نے شہداء کے عظیم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کا طرز عمل شرعی ذمہ داری ، انسانی اور اخلاقی تھا۔
حشد الشعبی کے مختلف گروپوں کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ نصیر الزیادی نے کہا کہ ہم سب کا مقصد غیر ملکی افواج کو عراقی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔
شہدائے مقاومت کی یاد میں منعقدہ اس عظیم الشان تقریب میں مجلس اعلیٰ عراق کے اراکین، قبائلی عمائدین اور رہنماؤں،حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مایہ ناز اساتذہ سمیت حکومتی اداروں کے سربراہان،حشد الشعبی کے اراکین، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔