حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام سید محمد الحیدری امام جمعہ بغداد نے شہدائے مقاومت قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی برسی کے موقع پر اپنی ایک تقریر میں کہا کہ مزاحمتی اور مقاومتی شہید کمانڈروں کی برسی کے موقع پر عراقی عوام نے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جائے حادثہ بغداد ایئرپورٹ، التحریر اسکوائر اور بہت سے دوسرے شہروں میں عظیم یادگاری تقریبات کا انعقاد کیا۔
امام جمعہ بغداد نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ان تقاریب کے انعقاد کا مطلب عراقی قوم کا عراق اور مقامات مقدسہ کے دفاع کرنے والے شہدائے مقاومت کے ساتھ رابطہ ہے،مزید کہا کہ قوم و ملت کا اس طرح وسیع پیمانے پر میدان میں حاضر رہنا، باشعور ،بابصیرت ہونے کے ساتھ جہاد اور شہادت کی راہ پر گامزن رہنے کی علامت ہے اور اسی بات سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور صہیونیوں پر خوف طاری ہو جاتا ہے۔
حجت الاسلام الحیدری نے شہدائے مقاومت و مزاحمت کے قتل کے اصل مجرم کی حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کے احکامات جاری کرنے پر عراقی عدلیہ کی قدردانی کرتے ہوئے اسے ایک جرأت مندانہ فیصلہ قرار دیا اور یہ فیصلہ عدلیہ کی ایمانداری اور ہمت پر دلالت کرتا ہے۔