۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا سید نقی مہدی زیدی

حوزہ/ شہید سید حسن نصر اللّٰہ اور شہدائے قدس کے چہلم کی مناسبت سے ایک عظیم مجلسِ عزاء، جامع مسجد المنتظر تاراگڑھ میں گزشتہ روز نمازِ جمعہ کے بعد منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہید سید حسن نصر اللّٰہ اور شہدائے قدس کے چہلم کی مناسبت سے ایک عظیم مجلسِ عزاء، جامع مسجد المنتظر تاراگڑھ میں گزشتہ روز نمازِ جمعہ کے بعد منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجلسِ عزاء سے امام جمعہ تاراگڑھ حجت الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطاب کیا۔

مجلسِ عزاء سے حجت الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کا وجود مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے۔

امام جمعہ تاراگڑھ نے کہا سید مقاومت سید حسن نصر اللہ شجاع، طاقتور، کریم اور دولتِ ایمان سے سر شار انسان تھے، انہوں نے اسرائیل کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، وہ تحریکِ مقاومت کے سر کا تاج ہیں، انہوں نے تحریک آزادی قدس کو نئی زندگی دی ہے، تاریخ گواہ ہے جنگ احد میں ثبات قدم کا مظاہرہ مولا علی علیہ السّلام نے کیا تھا یا آج بھی جنگ کے میدان میں علی والے ہی نظر آرہے ہیں، کل بھی یہودیوں سے خیبر کو یا مولا علی علیہ السلام نے فتح کیا یا علی والے فتح کریں گے۔

مولانا نقی مہدی نے مزید کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت سے حزب اللہ کمزور نہیں ہوئی ہے، بلکہ میدان میں جمی ہوئی ہے اور اس طریقے کے حملے ٢٠٠٦ میں نہیں کئے گئے تھے، جو اس وقت اسرائیل کے جواب میں حزب اللّہ کی طرف سے کئے گئے ہیں، آج نیتن یاہو بنکروں میں چھپتا پھر رہا ہے، لبنان کی سرحد پر اسرائیل کے پاؤں کانپ رہے ہیں، اسرائیل ایک سال سے بچوں عورتوں ہسپتالوں اور مساجد سے لڑ رہا ہے۔

امام جمعہ تاراگڑھ نے غزہ کے مسلمانوں کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزہ والے سب حسینی ہیں، شہید یحیٰی سنوار نے خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنا کربلا سے سیکھا، وہ ظالم اسرائیل کے سامنے نہ ڈرے نہ سہمے، بلکہ جوان مردی کے ساتھ شہادت کا استقبال کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن‌ دور نہیں، جب آج کے عظیم اور بابصیرت رہبر معظم آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای مدظلہ کی قیادت میں لشکرِ مقاومت ناجائز صیہونی ریاست کو ڈھا دے گا۔

مولانا نقی مہدی نے مزید کہا کہ امریکہ و اسرائیل اپنے جدید ترین وسائل کے باوجود حزب اللہ کے سامنے بے بس ہیں، کیونکہ حزب اللہ کا ہر جوان وسائل سے زیادہ توکل خدا اور نصرت خدا پر بھروسہ کرتا ہے، اس وقت مظلومین فلسطین و لبنان کی استقامت نے عالم اسلام میں بیداری کی نئی روح پھونک دی ہے، عالم اسلام کا ہر فرد غزہ و فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، صیہونی رجیم کے خلاف تمام مسلمان متحد ہو چکے ہیں۔

آخر میں مولانا نقی مہدی زیدی نے ایام فاطمیہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے مصائب جناب فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا بیان فرمائے۔

مجلس میں مؤمنین کے علاوہ امام جماعت مولانا مظفر حسین نقوی، مولانا نقی حسین اور امام جمعہ موتی پورہ مولانا شبیہ الحسن نے خصوصی شرکت فرمائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .