حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا سید نقی مہدی زیدی نے اجمیر،تارا گڑھ میں نماز جمعہ کے خطبے میں والدین کے حقوق اور ماہ رجب المرجب کی برکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قرآن مجید اور اہل بیت علیہم السلام کی روایات کی روشنی میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی نافرمانی انسان پر بھاری بوجھ ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کی تفسیر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ والدین کے ساتھ احسان کا مطلب یہ ہے کہ انہیں کسی چیز کے لیے تکلیف نہ دی جائے، چاہے وہ مالدار ہی کیوں نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر والدین بوڑھے ہو جائیں اور ان کی وجہ سے پریشانی ہو تو بھی انہیں "اف" تک نہ کہا جائے۔ امام علی نقی علیہ السلام سے روایت ہے کہ والدین کی نافرمانی ایک ایسا گناہ ہے جس کا بوجھ انسان اٹھانے سے قاصر ہے۔
ماہ رجب کے حوالے سے مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ یہ مہینہ اللہ کی رحمت اور فضل کا مہینہ ہے۔ انہوں نے نمازیوں کو نصیحت کی کہ وہ اس مہینے کی قدر کریں اور اپنے دلوں کو اللہ کی طرف متوجہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رجب، شعبان اور رمضان کے تین مہینے روحانی تربیت کا بہترین موقع ہیں۔ ان مہینوں میں انسان کو اپنے اعمال اور نیتوں پر غور کرنا چاہیے تاکہ وہ ماہ رمضان کی ضیافت میں پوری آمادگی کے ساتھ داخل ہو سکے۔
انہوں نے ماہ رجب کے آخری عشرے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس عشرے میں اسلامی تاریخ کے اہم واقعات پیش آئے ہیں، جن میں جنگ خیبر، امام علی علیہ السلام کو علم دینے کا واقعہ، اور امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شہادت شامل ہیں۔
مولانا نقی مہدی زیدی نے نوجوانوں کو خصوصی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ان مبارک مہینوں کی برکات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے دلوں کو اللہ کی رحمت سے منور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان ماہ رجب اور شعبان میں اپنے آپ کو پاک کر لے تو وہ ماہ رمضان میں اللہ کی ضیافت کا حقیقی مستحق بن سکتا ہے۔
خطبے کے آخر میں انہوں نے نمازیوں کو دعا دی کہ اللہ تعالیٰ انہیں والدین کے حقوق ادا کرنے کی توفیق دے اور ماہ رجب، شعبان اور رمضان کی برکات سے فیضیاب ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔
آپ کا تبصرہ